اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات منگل کو واشنگٹن میں طے
لبنانی صدر کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسرائیل اور لبنان منگل کے روز واشنگٹن میں مذاکرات کا آغاز کریں گے۔ اس کا مقصد اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جاری تنازع میں جنگ بندی پر بات چیت کرنا ہے۔
ان مذاکرات میں امریکہ ثالث کا کردار ادا کرے گا۔
لبنانی صدر جوزف عون کے دفتر نے کہا کہ دونوں ممالک امریکی وزارتِ خارجہ میں ملاقات کریں گے تاکہ ’جنگ بندی کے اعلان اور براہِ راست مذاکرات کے آغاز کی تاریخ‘ طے کی جا سکے۔
بیان کے مطابق جمعے کے روز امریکہ میں موجود لبنانی اور اسرائیلی سفیروں کے درمیان، لبنان میں امریکی سفیر کی شرکت کے ساتھ، ایک رابطہ ہوا جس کا مقصد ان مذاکرات کا انتظام کرنا تھا۔ ادھر بیروت میں حملے سے متاثرہ مقام کا دورہ کرتے ہوئے لبنانی وزیرِ داخلہ احمد حجار نے کہا کہ جنگ بندی لبنان کا ایک بنیادی مطالبہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہدف جنگ بندی ہے۔ اس کے لیے جو کچھ بھی درکار ہو، حتیٰ کہ دنیا کے آخری سرے تک جانا پڑے، ہم اپنے ملک کے لیے سلامتی، امن اور استحکام کے حصول کے لیے تیار ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم سفارتی راستے پر انتہائی سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔‘
جس مقام کا وزیرِ داخلہ دورہ کر رہے تھے وہ اُن متعدد جگہوں میں سے ایک ہے جنھیں بدھ کے روز اسرائیل نے نشانہ بنایا۔ یہ حملے لبنان پر کیے گئے اسرائیلی حملوں کے حالیہ دنوں کے سب سے شدید سلسلوں میں شمار کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق لبنانی حکام صرف اسی صورت میں اسرائیل کے ساتھ براہِ راست مذاکرات میں شامل ہوں گے اگر پہلے سے جنگ بندی نافذ ہو چکی ہو۔




Leave a Reply
Want to join the discussion?Feel free to contribute!