وائٹ ہاؤس کے مرکزی داخلی راستے کے قریب ایک بار پھر ہنگامہ خیز صورتحال اس وقت پیدا ہوگئی جب مسلح شخص نے چیک پوسٹ پر تعینات اہلکاروں پر اچانک فائرنگ کردی تاہم سیکریٹ سروس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا اور حملہ آور مارا گیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً 6 بجے پیش آیا جب ایک شخص نے وائٹ ہاؤس کے دروازے پر قائم سکیورٹی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کی شناخت فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی البتہ ابتدائی اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔
سیکریٹ سروس کی جوابی کارروائی کے دوران دو افراد گولیوں کی زد میں آگئے جبکہ سڑک سے گزرنے والا ایک شہری بھی زخمی ہوا۔ حکام کے مطابق واقعے میں کوئی سکیورٹی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔
فائرنگ کے بعد وائٹ ہاؤس کو فوری طور پر لاک ڈاؤن کردیا گیا اطراف کی سڑکیں بند کردی گئیں اور عمارت کی چھت پر اسنائپرز تعینات کردیے گئے۔ نارتھ لان میں موجود صحافیوں کو فوری طور پر پریس بریفنگ روم منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے شہر قائد کے علاقے گلزارِ ہجری میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ آن لائن فراڈ میں ملوث ایک بڑے کال سینٹر پر چھاپہ مار کر 40 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔حکام کے مطابق این سی سی آئی اے کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کال سینٹر کو گھیرے میں لیا جہاں سے بڑی تعداد میں کمپیوٹرز، لیپ ٹاپس اور دیگر ڈیجیٹل آلات قبضے میں لے لیے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کال سینٹر مبینہ طور پر زمانہ ہانی نامی شخص چلا رہا تھا جہاں سے بیرون ملک شہریوں کو جعلی بینک نمائندہ بن کر کالز کی جاتی تھیں

واشنگٹن نے ایران کے خلاف اقتصادی دباؤ بڑھاتے ہوئے 35 اداروں اور شخصیات کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ نیٹ ورک ایران کے بینکاری نظام اور تیل کی تجارت کو سہارا دے رہا تھا۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق نامزد ادارے اور افراد اربوں ڈالر مالیت کے ایرانی تیل کی ترسیل اور مالی لین دین میں ملوث رہے جس کے ذریعے پابندیوں کو بائی پاس کرنے کی کوشش کی گئی۔
محکمہ خزانہ کے ذیلی ادارے او ایف اے سی نے خبردار کیا ہے کہ ایسے بینک اور مالیاتی ادارے بھی کارروائی کی زد میں آ سکتے ہیں جو ان کمپنیوں سے کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں اور جو آبنائے ہرمز کے راستے ادائیگیوں کے نظام میں شامل ہیں۔
امریکی حکام نے چین کے صوبے شینڈونگ میں قائم آئل ریفائنریز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں موجود متعدد نجی کمپنیاں ایرانی تیل کی درآمد اور ریفائننگ میں کردار ادا کر رہی ہیں۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے دعویٰ کیا ہے امریکا اور اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں ملک بھر میں شروع کی گئی جان فدا عوامی مہم میں 3 کروڑ افراد رجسٹرڈ ہوگئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا کہ اس بڑی تعداد میں رجسٹریشن ثبوت ہے کہ ایرانی عوام ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایرانی قوم کے جذبۂ قربانی نے دشمنوں کو حیران اور مایوس کر دیا ہے اور جان فدا مہم میں خود کو رجسٹرڈ کروانے والے یہ رضاکار تاریخ کے فاتح ہیں۔
ایران میں ’جان فدا‘ کو ایسی رضاکارانہ تحریک کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جس میں شہری خود کو ملک کے دفاع، سیکیورٹی یا دیگر قومی خدمات کے لیے پیش کرتے ہیں۔

ڈی ایچ اے پشاورمیں 25 مارچ 2026 کو ریزیڈنشل پلاٹس کی بیلٹنگ کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جسے شرکاء نے ایک یادگار اور تاریخی لمحہ قرار دیا۔ اس موقع پر شہریوں کے خوابوں کو حقیقت کا روپ ملتا دکھائی دیا اور ماحول خوشی و مسرت سے بھر گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے پشاور، بریگیڈیئر ہارون رشید خان تھے، جن کی موجودگی نے تقریب کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا۔ بیلٹنگ میں 5 مرلہ، 10 مرلہ اور 1 کنال کے رہائشی پلاٹس شامل تھے۔ جیسے ہی نتائج کا اعلان کیا گیا، کامیاب امیدواروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور شرکاء نے اس عمل کو شفاف اور منظم قرار دیا۔تقریب کے دوران نہ صرف بیلٹنگ کے مراحل کو شفاف انداز میں مکمل کیا گیا بلکہ شرکاء کی تفریح کے لیے موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا، جہاں گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے ماحول کو مزید خوشگوار بنا دیا۔ اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے آئندہ بیلٹنگ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا گیا، جس سے عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہوا۔ڈی ایچ اے پشاور کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ادارہ مستقبل میں بھی اسی شفافیت اور معیار کو برقرار رکھتے ہوئے شہریوں کو بہترین رہائشی سہولیات فراہم کرتا رہے گا۔

خوشی کا عالمی دن 20 مارچ کو منایا جاتا ہے اور اس موقع پر اقوام متحدہ کے تعاون سے دنیا کے خوش ترین ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے۔
اس فہرست میں پاکستان سمیت147 ممالک میں کو شامل کیا گیا ہے اور ممالک کی درجہ بندی کے لیے گیلپ ورلڈ پول کے ڈیٹا کو استعمال کیا گیا جس کے مطابق فن لینڈ مسلسل 9 ویں بار دنیا کا سب سے خوش ترین ملک قرار پایا ہے۔
اس فہرست میں ممالک کی درجہ بندی کے لیے 2023 سے 2025 کے درمیان کے ڈیٹا کو استعمال کیا گیا تاکہ عالمی سطح پر خوشی کے احساس کا مستحکم اندازہ لگایا جاسکے۔
ممالک کی درجہ بندی کے لیے فی کس آمدنی، متوقع زندگی، سماجی مدد، آزادی، سخاوت اور کرپشن جیسے عوامل کو مدنظر رکھا گیا۔
اس فہرست میں پاکستان 5 درجے بہتری کے ساتھ 104 ویں نمبر پر موجود ہے، گزشتہ سال پاکستان کا نمبر 109 تھا۔ خوش رہنے کے احساس میں بھارت پاکستان سے پیچھے ہے جس کے حصے میں 116 واں نمبر آیا۔
فن لینڈ مسلسل 9 ویں سال خوش ترین ملک قرار پایا مگر اس بار آئس لینڈ ڈنمارک کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر چلا گیا جبکہ ڈنمارک کے حصے میں تیسرا نمبر آیا۔ چوتھا نمبر کوسٹا ریکا کے نام رہا جس کے بعد سویڈن 5 ویں، ناروے چھٹے اور نیدرلینڈز 7 ویں نمبر پر رہا۔
دنیا میں سب سے زیادہ خوش مسلم ملک کا اعزاز کوسوو کے حصے میں آیا جو مجموعی طور پر 16 ویں نمبر پر رہا جبکہ متحدہ عرب امارات 21 اور سعودی عرب 22 ویں نمبر پر رہے۔ حیران کن طور پر سپر پاور امریکا کے حصے میں 23 واں نمبر آیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعہ کی درمیانی شب کے بعد سے ہفتہ کی صبح تک ایران کی جانب سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں کی پانچ لہریں بھیجی گئی ہیں۔ ان حملوں کے باعث لاکھوں اسرائیلی شہری رات بھر پناہ گاہوں میں چھپنے پر مجبور ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق محدود تعداد میں میزائل داغے گئے جس کے باعث وسطی اسرائیل کے مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔
اسرائیلی حکام کے مطابق ایران کے تازہ بیلسٹک میزائل حملوں میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ تمام میزائل فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیے اور کسی مقام پر براہِ راست گرنے کی اطلاع نہیں ہے۔