بری خبر، ایران سے معاہدہ ناکام، جے ڈی وینس امریکا روانہ
اسلام آباد مذاکرات میں متحارب فریقین امریکا اور ایران کے درمیان کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس معاہدہ نہ ہونے کی خبر دے کر امریکا واپس روانہ ہو گئے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اسلام آباد میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا بری خبر ہے ایران کے ساتھ مذاکرات حتمی نتیجہ تک نہیں پہنچ سکے، معاہدہ نہ ہونے کی وجہ سے ہم امریکا واپس جا رہے ہیں، ایران نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہماری شرائط نہیں مانے گا، ہم یہاں ایران کے لیے بہترین اور فائنل آفر کے ساتھ مذاکرات چھوڑ رہے ہیں، اب دیکھتے ہیں ایران کیا جواب دیتا ہے۔ جے ڈی وینس نے کہا کہ 21 گھنٹے مذاکرات جاری رہے جس میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی جو اچھی خبر ہے، لیکن بری خبر یہ ہے کہ کسی معاہدے تک نہیں پہنچے، یہ امریکا سے زیادہ ایران کے لیے بری خبرہے۔
امریکی نائب صدر نے کہا مذاکرات کے دوران ہم نے اپنی ریڈ لائن بتا دی ہے، ہم نے واضح بتا دیا ہے کن نکات پر اتفاق ہو سکتا ہے اور کن پر نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ایران یقین دہانی کرائے کہ اس کے پاس ایٹمی ہتھیار نہیں ہوں گے، ایرانی ایٹمی پروگرام ہمارے لیے مذاکرات میں سر فہرست ہے، ایران کو یقین دہانی کرانی چاہیے کہ ایٹمی ہتھیار کا کوئی ارادہ نہیں ہے جے ڈی وینس نے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہیں، انھوں نے بہترین میزبانی کی، اور معاہدے کے لیے بڑی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تمام مسائل پر بات چیت کی گئی تاہم اُس صورت حال تک نہیں پہنچا جا سکا کہ ایران امریکی شرائط قبول کر لیتا۔
انھوں نے کہا ہم نے نیک نیتی سے مذاکرات میں شرکت کی، ٹرمپ نے ہدایت کی کہ ڈیل حاصل کرنے کے لیے تمام تر کوششیں کریں، مذاکرات کے دوران ٹرمپ کے ساتھ رابطے میں رہے، لیکن اب ہم کسی ڈیل کے بغیر واپس امریکا جا رہے ہیں، ایرانی جوہری صلاحیت ہم نے ختم کر دی ہے، اب یقین دہانی کی ضرورت ہے کہ ایران جوہری صلاحیت پر دوبارہ کام نہیں کرے گا۔
انھوں نے مزید کہا صدر ٹرمپ کی ہدایات کے مطابق مذاکرات کامیاب کرنے کی کوشش کی، ہم نے معاہدے کی کوشش کہ لیکن بدقسمتی سے معاہدہ نہیں ہو سکا۔ واضح رہے کہ نائب صدر جے ڈی وینس کی سربراہی میں امریکی وفد واپس امریکا روانہ ہو گیا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے امریکی وفد کو رخصت کیا۔




Leave a Reply
Want to join the discussion?Feel free to contribute!