جنگ بندی مذاکرات: ایرانی وفد پاکستان میں

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد اسلام آباد مذاکرات میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گیا، وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں جبکہ ان کے ہمراہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شامل ہیں۔
ایرانی وفد کا استقبال نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کیا جبکہ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ مذاکرات میں شریک تمام فریقین مثبت اور تعمیری انداز میں بات چیت کریں گے، انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیے فریقین کے درمیان سہولت کاری کا کردار جاری رکھے گا۔
اس سے قبل ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی وفد کا طیارہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گیا جہاں وہ امریکا کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں حصہ لے گا۔
ایرانی میڈیا نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ وفد میں ایران کے وزیر خارجہ، دفاعی کونسل کے سیکریٹری، مرکزی بینک کے گورنر اور پارلیمنٹ کے متعدد ارکان شامل ہیں۔

ایرانی وفد میں شامل جن شخصیات کے نام سامنے آئے ہیں ان میں ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی، سپریم نیشنل ڈیفنس کونسل کے سیکریٹری علی اکبر احمدیان، ایران کے مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی اور ڈیفنس کونسل کے سربراہ محمد باقر ذوالقدر شامل ہیں۔
تاحال ایران کی حکومت کی جانب سے اس خبر کی تردید یا تصدیق سامنے نہیں آئی ہے اور نہ ہی میزبان ملک پاکستان نے کوئی تبصرہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایرانی مذاکراتی ٹیم کی قیادت پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کریں گے جب کہ امریکی وفد کے سربراہ نائب صدر جے ڈی وینس پہلے ہی پاکستان کے لیے روانہ ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ چند گھنٹوں قبل ہی باقر قالیباف نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ جنگ بندی سے قبل دو شرائط پورا ہونی تھیں جو تاحال نہیں ہوئی ہیں۔
انھوں نے کہا تھا کہ جن دو شرائط پر اتفاق ہوا تھا ان میں ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی اور لبنان میں فوری جنگ بندی شامل ہیں۔
محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ان دو شرائط پر جنگ بندی سے قبل عمل درآمد ہونا تھا لیکن تاحال ایسا نہیں ہوسکا۔
دوسری جانب کچھ دیر قبل فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ Flightradar24 نے دعویٰ کیا تھا ایران کے دو سرکاری طیارے ایران پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی جانب گامزن ہیں۔

0 replies

Leave a Reply

Want to join the discussion?
Feel free to contribute!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *