حکومت کا سرپرائز، پیٹرول 80 روپے فی لیٹر کم، عوام کو ریلیف
وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 80 روپے لیوی کی مد میں کمی کا اعلان کر دیا اور پیٹرول کی نئی قیمت فی لیٹر 378 روپے مقرر کردی ہے
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ خلیج میں جنگ کے باعث پورے خطے میں تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں اور تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور یہ ایسی تلخ حقیقت ہے کہ غریب کا چولھا مدھم ہو رہا ہے، کسان کے لیے بے پناہ مشکلات پیدا ہوچکی ہیں اورعام آدمی کے لیے نئے چیلنجز ابھر کر سامنے آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے اور مہنگائی جس نے دنیا کی طاقت ور معیشتوں کی بھی کمر توڑ دی ہے یقیناً پاکستان بھی اس سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے، اسی لیے پچھلے تین ہفتوں میں عوام پر ہر روز تیل کی قیمتوں میں اضافےکا بوجھ ڈالنا میں نے قطعاً مناسب نہیں سمجھا۔
انہوں نے کہا کہ میں اچھی طرح جانتا ہوں کہ پاکستان میں ایک عام آدمی کس طرح زندگی بسر کرتا ہے، عوام کے بے پناہ مسائل ہیں اس لیے ان تین ہفتوں میں قومی وسائل سے 129 ارب روپے خرچ کرکے آپ تک اس قیامت خیز طوفان کو پہنچنے نہیں دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم سب اللہ سے دست بدعا ہیں کہ جنگ جلد سے جلد بند اور امن قائم ہوجائے، اس کے لیے پاکستان کی حکومت نے، میں نے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے انتہائی خلوص نیت کے ساتھ جب سے جنگ کا آغاز ہوا ہے، امن قائم کرنے کے لیے دن رات کاوشیں کر رہے ہیں اور اس وقت تک اپنا یہ فرض نبھاتے رہیں گے جب تک آگ کے شعلے بجھ نہیں جاتے۔
انہوں نے کہا کہ کل قومی مشاورت کے حوالے سے وزیرخزانہ اور وزیر پیٹرولیم نے آئندہ کے لیے اعلانات کیے، اس کے پیچھے بھرپور مشاورت ہوئی، صدر پاکستان کا مشکور ہوں جنہوں نے پوری قومی قیادت کو ایوان صدر میں دعوت دی جہاں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم، گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ اور دیگر زعما موجود تھے اور اس کے اگلے دن وزیراعظم ہاؤس میں بھرپور مشاورت ہوئی اور کل بھی بھرپور اجتماع میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ تشریف فرما تھے، آزاد کشمیر کے وزیراعظم، گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ اور وفاقی وزرا سب موجود تھے، لہٰذا بڑی عرق ریزی کے بعد جامع پروگرام کا اعلان کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں بعض ممالک میں میلوں لمبی قطاریں لگیں اور لوگوں کو بےپناہ تکلیف ہوئی لیکن پاکستان میں ہم نے اجتماعی کاوشوں اور بروقت فیصلوں کے ذریعے ان تمام معاملات کو دوررکھا، اب کل کے اعلانات کے مطابق موٹر بائیک کو ایک لیٹر کے اوپر100 روپے کی سبسڈی دی جائے گی، ہم نے فیصلہ کیا کہ جو گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں مال بردار گاڑیوں کو سپورٹ دینے کے لیے ایک ماہ تک 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے سبسڈی دی جائے گی، چھوٹے ٹرکوں کو 70 ہزار روپے، بڑے ٹرکوں کو 80 ہزار روپے، پبلک ٹرانسپورٹ بسوں کو ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائے گی تاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کرایوں کا بوجھ آپ پر نہ پڑے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے چھوٹے کسانوں کے لیے 1500 روپے فی ایکڑ امداد مہیا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، اسی طرح پاکستان ریلوے کے حوالے سے فیصلہ کیا کہ اکانومی کلاس کے ڈبوں میں مسافروں کے لیے کرایہ نہیں بڑھایا جائے گا، اس حوالے سے وزارت ریلوے کو واضح ہدایات جاری کردی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کل کیے گئے تمام اعلانات تمام قومی جذبات سے بھرے اقدامات کے لیے صوبائی وزرائے اعلیٰ مریم نواز، مراد علی شاہ، سہیل آفریدی، میرسرفراز بگٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس قومی مقصد کے لیے اپنے وسائل مہیا کرنے کے لیے بلاتاخیر وعدے کیے اور یہی وقت کی آواز ہے اور یہ وہ موقع ہے جس وقت اس تاریخ کے بہت بڑے چیلنج کا مقابلہ صرف اور صرف قومی یک جہتی اتفاق اور اتحاد کے ساتھ کیا جاسکتا ہے۔




Leave a Reply
Want to join the discussion?Feel free to contribute!