نیو یارک ایر پورٹ پر بڑاحادثہ، متعدد ہلاکتیں
امریکا کے شہر نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ پر ایک مسافر طیارہ رن وے پر فائر ٹرک سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ اور معاون پائلٹ ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے، حکام نے ایئرپورٹ عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ پر ایک طیارہ رن وے پر موجود فائر فائٹنگ گاڑی سے ٹکرا گیا، جس کے باعث سنگین حادثہ پیش آیا۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں پائلٹ اور معاون پائلٹ ہلاک ہوگئے، جبکہ دیگر مسافروں اور عملے کے افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر 41 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے 32 کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے، جبکہ بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔پورٹ اتھارٹی کے مطابق حادثے کے بعد لاگارڈیا ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معطل کر دی گئیں اور ایئرپورٹ کو کم از کم دوپہر 2 بجے تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مکمل تحقیقات کی جا سکیں۔رپورٹ کے مطابق متاثرہ طیارہ ایئر کینیڈا ایکسپریس کا تھا، جو مونٹریال سے نیویارک پہنچا تھا۔ لینڈنگ کے بعد رن وے پر چلتے ہوئے طیارہ ایک فائر ٹرک سے ٹکرا گیا، جو کسی دوسرے ہنگامی واقعے کی جانب جا رہا تھا۔حادثے کے نتیجے میں طیارے کا کاک پٹ بری طرح تباہ ہوگیا اور طیارہ رن وے پر پچھلے حصے کی طرف جھک گیا، جبکہ امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔حکام کے مطابق پرواز میں 76 افراد سوار تھے جن میں 4 عملے کے ارکان بھی شامل تھے۔ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ٹیم روانہ کر دی ہے۔




Leave a Reply
Want to join the discussion?Feel free to contribute!