وزارت خزانہ کے ذرائع نے کہا ہے کہ تمام شرائط پوری کیے جانے کے بعد اب پاکستان کے لیے آئی ایم ایف فنڈ کی منظوری میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کے ایکسٹنڈڈ فنڈ فسیلیٹی پروگرام کے تحت پاکستان کے تیسرے اقتصادی جائزہ پر ہونے والے اسٹاف لیول معاہدے اور ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی منظوری دینے کے لیے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آئندہ ماہ( مئی )کے پہلے ہفتے منعقد ہوگا۔اس حوالے سے وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کی تمام شرائط پوری کردی ہیں اور آئی ایم ایف کو دوست ممالک کے قرض کے رول اوور کی یقین دہانی کرا دی گئی ہے، اس لیے اب آئی ایم ایف سے قرضے کی اگلی قسط کے اجرا کی منظوری کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ذرائع نے بتایا کہ توقع ہے کہ آئندہ ماہ ہونے والے آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ای ایف ایف کے تحت قرضے کی اگلی قسط اور کلائمیٹ فنانسنگ کے آر ایس ایف پروگرام کی 21 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط بھی ملے گی۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو پیٹرولیم پر ٹارگٹڈ سبسڈی سے متعلق اعتماد میں لیا گیا ہے۔ اسی طرح تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافہ صارفین کو منتقل کرنے سے پہلے آئی ایم ایف سے مشاورت کی گئی ہے۔ٹارگٹڈ سبسڈی کی رقم رواں مالی سال کے بجٹ سے خرچ ہوگی اور مشکل حالات کے لیے 300 ارب کے ہنگامی فنڈز بھی دستیاب ہیں۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب اور یو اے ای کے ڈیپازٹس طویل مدت کے لیے روول اوور کرنے پر بات چیت جاری ہے اور توقع ہے کہ یو اے ای پاکستان کے ذمہ قرضہ جلد رول اوور کر دے گا۔ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کو دوست ممالک کے قرض کے رول اوور کی یقین دہانی کرا دی گئی ہے جبکہ اس وقت اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں سعودی عرب کے 5 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس ہیں، چین کے 4 ارب ڈالر اور یو اے ای کے 3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس ہیں۔یو اے ای کے 2 ارب ڈالر رواں ماہ اور ایک ارب ڈالر کی واپسی جولائی میں ہونا ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی مشکل درپیش نہیں ہے۔ تمام ادائیگیاں بروقت ہوں گی۔
اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں 6.3 زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث عوام خوفزدہ ہوگئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ زیر زمین گہرائی 190 کلومیٹر اور مرکز کوہ ہندوکش افغانستان میں تھا۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، چترال، پشاور، سوات، شانگلہ، چترال اور لاہور سمیت مختلف مقامات پر محسوس ہوئے۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے تمام افسران کو اپنے علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لینے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ کسی علاقے میں کوئی واقعہ پیش آیا ہو تو فوری مدد کی جائے۔ تمام افسران اپنے علاقوں کی رپورٹ فوری بھجوائیں۔
اُدھر پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ پنجاب میں زلزلے کے باعث کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، لاہور، میانوالی، جھنگ، فیصل آباد، راولپنڈی، پوٹھوہار ریجن سرگودھا اور دیگر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی ایم اے کا صوبائی کنٹرول روم اور پنجاب کے ضلعی ایمرجنسی سینٹر فعال ہیں، نقصانات کی اطلاع ہیلپ لائن 1129 پر دی جاسکتی ہے۔
حکومت نے پیٹرول پر لیوی میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا جس کے بعد پیٹرول پر لیوی بڑھ کر 160.61 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، اس سے پہلے پیٹرولیم لیوی 106 روپے فی لیٹر تھی۔ہائی اوکٹین پر لیوی 305 روپے 37 پیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل پر لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر کردی گئی، لائٹ ڈیزل پر 15 روپے 84 پیسے اور فرنس آئل پر لیوی 77 روپے فی میٹرک ٹن کردی گئی۔ رواں مالی سال پیٹرولیم لیوی کا ہدف ایک ہزار 468 ارب روپے مقرر ہے، لیوی کی شرح بلند ہونے سے نان ٹیکس ریونیو میں مزید اضافہ متوقع ہے۔واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پیٹرول 137 روپے 23 پیسے اور ڈیزل 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت اضافے کے بعد 520 روپے 35 پیسے ہوگئی۔مٹی کے تیل اور جیٹ فیول کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، اوگرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق مٹی کا تیل بھی 34 روپے 8 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 467روپے 48 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔جیٹ فیول کی قیمت میں مزید 40 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 517 روپے 17 پیسے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے
دنیا کا سفر سائیکل پر کرنے والے ایک جرمن شہری کو اسلام آباد پہنچتے ہی چوری کی واردات کا سامنا کرنا پڑا۔ذرائع کے مطابق جرمنی سے تعلق رکھنے والے سیاح فلپ سیم نے رات گزارنے کے لیے اسلام آباد ایکسپریس وے پر تھانہ کھنہ کے علاقے میں کیمپ لگایا۔ وہ اپنے عالمی سائیکل سفر کے دوران پاکستان پہنچے تھے۔رپورٹس کے مطابق جب وہ اگلی صبح بیدار ہوئے تو ان کی سائیکل اور قیمتی کیمرہ چوری ہو چکے تھے، جس پر انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔واقعے کے بعد جرمن سفارتخانے کی درخواست پر اسلام آباد پولیس نے فوری کارروائی شروع کی اور تلاش کے بعد سائیکل برآمد کر لی گئی۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور چوری میں ملوث ملزمان کی تلاش کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔یہ واقعہ دارالحکومت میں سیکیورٹی اور سیاحوں کے تحفظ سے متعلق سوالات کو بھی جنم دے رہا ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
ناسا نے تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے راکٹ آرٹیمس 2 کو کامیابی کے ساتھ لانچ کر دیا، جس کے تحت چار خلا باز چاند کے گرد اہم سفر پر روانہ ہو گئے ہیں۔
یہ مشن امریکی ریاست فلوریڈا میں قائم کینیڈی اسپیس سینٹر سے لانچ کیا گیا، جہاں ہزاروں افراد نے اس تاریخی لمحے کو براہ راست دیکھا۔ یہ 50 سال سے زائد عرصے بعد پہلا موقع ہے کہ انسان زمین کے نچلے مدار سے باہر سفر کر رہے ہیں۔
آرٹیمس II کے عملے میں ریڈ وائزمین، وکٹر گلور، کرسٹینا کوچ اور کینیڈین خلانورد جیریمی ہینسین شامل ہیں جو تقریباً 10 روزہ مشن میں چاند کے گرد چکر لگا کر واپس زمین پر آئیں گے۔
لانچ کے دوران 32 منزلہ دیوہیکل راکٹ نے کامیابی سے اڑان بھری، جبکہ اس سے قبل ہائیڈروجن فیول کی بھرائی کے حساس مرحلے سمیت تمام تکنیکی مسائل بھی کامیابی سے حل کر لیے گئے۔
اداکارہ فضا علی کی تیسری شادی کے بعد اپنے شوہر کے ساتھ عوامی مقامات پر رومانوی ویڈیوز بنانے پر صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔ فضا علی ایک معروف ٹی وی میزبان اور سابق اداکارہ ہیں، جنہیں اپنے مقبول ڈراموں اور شوز کی بدولت شہرت حاصل ہوئی۔رواں رمضان المبارک کے دوران وہ اپنی رمضان ٹرانسمیشن کے متنازع کلپس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خاصی وائرل رہیں۔اس کے علاوہ فضا علی سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک رہتی ہیں اور اکثر اپنے ناقدین یا ساتھی فنکاروں کو جواب دیتی دکھائی دیتی ہیں جو ان کے شو کے انداز پر تنقید کرتے ہیں۔عیدالفطر کے موقع پر فضا علی نے انسٹاگرام پر اپنے شوہر اور بیٹی فرال کے ساتھ فیملی فوٹو شوٹ شیئر کرتے ہوئے اپنی تیسری شادی کا اعلان کیا۔اس کے بعد سے وہ اکثر اپنے شوہر کے ساتھ رومانوی ویڈیوز اور تصاویر بھی شیئر کرتی رہتی ہیں۔حال ہی میں فضا علی کی ایک دوست نے پارک میں ان کے ساتھ بنائی گئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی، جس میں فضا علی اپنے شوہر کے ساتھ رومانوی انداز میں مصروف نظر آتی ہیں جب کہ دوست کو نظر انداز کر رہی ہیں۔ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا ’ میں سکون کے لیے پارک گیا تھا لیکن یہ سب دیکھنا پڑا‘۔ یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فضا علی پر شدید تنقید کی جا رہی ہے جب کہ کئی صارفین نے ان کے اس انداز کو سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا۔ایک صارف نے لکھا کہ وہ اب اپنے دل کی خواہشات ظاہر کر رہی ہیں، جب کہ دوسرے نے کہا کہ فضا علی حد سے گزر چکی ہیں۔ایک صارف نے تو یہاں تک لکھ دیا کہ یہ کرائے کا شوہر لگتا ہے، جب کہ دیگر نے بھی مختلف انداز میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے رویے عارضی توجہ حاصل کرنے کے لیے ہوتے ہیں۔کئی صارفین نے یہ نکتہ بھی اٹھایا کہ فزا علی خود دوسروں کو عوامی مقامات پر رومانوی حرکات سے منع کرتی رہی ہیں، مگر اب وہ خود اسی طرزِ عمل کا مظاہرہ کر رہی ہیں
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت نے پنگا لیا تو پاک فوج پہلے سے زیادہ ذلت آمیز پھینٹی لگائے گی۔سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت اور بھارتی وزیر راج ناتھ سنگھ کے بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان سے 5 سے 6 گنا بڑا ملک ہے اور اس کے وسائل بھی بے شمار ہیں، تاہم یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ آج بھی کروڑوں بھارتی فٹ پاتھ پر بھوکے سونے پر مجبور ہیں۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ راج ناتھ سنگھ بیان دے کر دنیا کو باور کروانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ بھی relevant ہیں، جبکہ پاکستان اس وقت الحمدللہ پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور بھارت کو کوئی منہ لگانے کو تیار نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ راج ناتھ جی وقت ہے، اپنی اوقات دیکھ کر بیان دیا کریں۔ خواجہ آصف نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر پنگا لیا گیا تو اللہ کے فضل سے پاکستان کی افواج پہلے سے زیادہ ذلت آمیز پھینٹی لگائیں گی
لاہور سمیت صوبہ بھر میں بھینسوں کے گوبر پر ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،فی بھینس 30روپے روزانہ گوبر ٹیکس وصولی کی جائے گی، ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گوبر سے بائیو گیس تیار کی جائے گی۔روزنامہ دنیا کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر کی 168 گوالہ کالونیز سے ٹیکس وصولی کی جائے گی ،گوالہ کالونیز میں موجود بھینسوں کے فضلے کی صفائی اور کولیکشن پر فیس وصولی کی جائے گی ،گوالہ کالونیز میں50لاکھ بھینسیں موجود ہیں ،ابتدائی طور پر لاہور کی دو گوالہ کالونیوں پر ٹیکس وصولی کا فارمولہ طے کیا گیا ہے ، ہربنس پورہ اور گجر پورہ گوالہ کالونیوں پر فی بھینس گوبر فیس وصولی کی جائے گی، گوالوں نے گوبر ٹیکس دینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے ،وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ گوالہ کالونیوں سے گوبر کولیکشن کی مد میں فیس وصولی کی جائے گی۔
حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کو کروائی گئی یقین دہانی پر عملدرآمد کرتے ہوئے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں پاکستان میں پیٹرول 137 روپے 23 پیسے اور ڈیزل 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا ہے۔وزیرپیٹرولیم اور وزیر خزانہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کر کے عالمی بحران اور حکومتی اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیرپیٹرولیم نے بتایا کہ آج وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سارے وزرائے اعلیٰ، فوجی قیادت اور دیگر قائدین شریک تھے جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ عالمی منڈیوں کی صورت حال کے پیش نظر سبسڈی صرف مخصوص طبقے کو دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگلے ایک ہفتے کیلیے پیٹرول کی قیمت اضافے کے بعد 458 روپے 40 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت اضافے کے بعد 520 روپے 35 پیسے مقرر کی ہے۔وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ خلیج جنگ کی وجہ سے عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں بھونچال آیا ہوا ہے، اس وقت قوم کو اتحاد اور نظم و ضبط کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس صورتحال سے نکلنے کیلیے مشکل اور ذمہ دارانہ فیصلے کرنے جارہی ہے، مہنگائی کے طوفان کو برپا کرنے میں حکومت کا کردار نہیں البتہ دو سال میں کابینہ نے معاشی استحکام اور جامع پائیداری کیلیے جو اقدامات کیے وہ سفر عالمی صورت حال کی وجہ سے رُک گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں خارجہ محاذ پر اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل کی کاوشوں کے ساتھ اس آگ کو بجھانے کی بھرپور کوشش کرنی ہے تاکہ پرانے راستے کی طرف جاسکیں۔علی پرویز ملک نے بتایا کہ پاکستان دبئی اور عمان سے 90 فیصد تیل حاصل کرتا ہے وہاں کی منڈیوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا جبکہ ڈیزل تاریخ کی بلند ترین سطح 250 ڈالر فی بیرل سے زائد قیمت پر پہنچ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کفایت شعاری، کابینہ تنخواہوں کی کٹوتی، دیگر اقدامات سمیت ترقیاتی فنڈز کو روکا تاکہ عوام کو ریلیف ملے اور عام آدمی مہنگائی سے بچ سکے، یکم مارچ سے آج تک حکومت 129 ارب روپے عوام پر خرچ کرچکی ہے۔وزیرپیٹرولیم نے کہا کہ بہت سے ممالک امیر اور اُن کے پاس ذخائر ہیں مگر وہاں توانائی کی ایمرجنسی نافذ ہے جبکہ پمپس پر پولیس یا مسلح افواج موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام کی تکلیف کا احساس ہے مگر عالمی معاہدوں اور معاشی صورت حال کی وجہ سے پیسے بڑھانا ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اہم بیٹھک ہوئی جس میں وزرائے اعلیٰ، فوجی قیادت موجود تھی اور اس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل میں عالمی منڈیوں کے ریٹ پر سب کو مزید ریلیف نہیں دیا جاسکتا ورنہ پاکستان پرانے راستے پر چل پڑے گا مگر عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے اب صرف مخصوص صارفین کو ریلیف دینا ہوگا۔وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت نے موٹرسائیکل والوں کیلیے 100 روپے فی لیٹر سبسڈی مقرر کی ہے اور ہر ماہ 20 لیٹر پیٹرول سبسڈی پر دیا جائے گا جبکہ اس کا اطلاق تین ماہ کیلیے ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ چھوٹے ذمینداروں کیلیے فصل کی کٹائی کے وقت 1500 روپے ایک بار سبسڈی دی جائے گی جبکہ انٹر سٹی مسافر گاڑیوں اور مال بردار گاڑیوں کیلیے 100 روپے فی لیٹر، مال بردار ٹرک کیلیے ماہانہ 70 ہزار روپے، بڑی مال بردار گاڑیوں کیلیے 80 ہزار روپے، مسافر بسوں کیلیے ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی مقرر کی گئی ہے۔وزیرخزانہ نے بتایا کہ حکومت ایک ماہ بعد سبسڈی کے حوالے سے پھر نظر ثانی کرے گی، ریلوے کو بھی سبسڈی دی جائے گی جس کا فائدہ لوئر کلاس کے مسافروں کو ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ مارکیٹیں دن کے اوقات میں کھلیں گی تاکہ بجلی کی کھپت اور ایندھن کو بچایا جائے، مارکیٹ کے اوقات صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت کر کے اگلے ہفتے تک طے کرلیے جائیں گے۔










