لکی مروت میں پولیس پر حملے میں ایس ایچ او سمیت 7 اہل کار جاں بحق ہو گئے۔ لکی مروت میں تھانہ شادی خیل پولیس اسٹیشن کی موبائل کے قریب زوردار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 7 پولیس اہل کار جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں تھانہ شادی خیل کے ایس ایچ او بھی شامل ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس موبائل کو آئی ای ڈی بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی گئیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایس ایچ او صدر اعظم، کانسٹیبل شاہ بہرام ڈرائیور، کانسٹیبل شاہ خالد، کانسٹیبل حاجی محمد، کانسٹیبل گل زادہ، کانسٹیبل سخی زادہ شامل ہیں جب کہ کانسٹیبل انصاف الدین کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لکی مروت میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعے میں ایس ایچ او سمیت 7 پولیس اہلکاروں کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے۔ صوبائی حکومت شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہدہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جنگی لباس میں سعودی ولی عہد سے اہم ملاقات کو غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے۔ گزشتہ روز وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کے حوالے سے میڈیا میں جاری کی گئیں تصاویر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو افواج پاکستان کے Combat Dress میں دیکھا گیا جو انتہائی غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔عمومی طور پر بیرون ملک دوروں کے دوران سپہ سالار Ceremonial لباس زیب تن کرتے ہیں لیکن اس ملاقات کے دوران سپہ سالار کا Combat Dress میں ہونا پاکستان کی اپنے دیرینہ برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار ہے۔یہ اس عزم کا اعادہ ہے کہ پاکستان اپنے دیرینہ تعلقات اور دفاعی معاہدے کے تناظر میں سعودی عرب کے دفاع کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گا، پاکستان تیار ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی فوجی تنظیم پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ اس نے امریکی کیریئر پر بیلسٹک میزائل اور ڈرون سے حملہ کیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی اسرائیل اور امریکا کے حملوں کے جواب میں کی گئی۔ بعض رپورٹس میں بتایا گیا کہ ایران کی جانب سے چار بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔
دوسری جانب امریکی حکام نے اس خبر کی تردیدی کی ہے اور کہا ہے کہ جہاز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ میزائل جہاز کے قریب بھی نہیں پہنچے اورکیریئر معمول کے مطابق اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

راولپنڈی اور پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے سنگم پر واقع فیض آباد کے قریب منڈلانے والے دو یو اے ویز (ڈرونز) کو فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا۔ سینئر پاکستانی حکام نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔اسلام آباد کی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فضائی حدود اور ایئر پورٹ بندش کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا ہے۔

مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتیں جلد ہی بہت کم ہوں گی اور اس قدر کمی کا کسی کو گمان بھی نہیں ہو گا۔کینٹکی میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ 32 ممالک کی جانب سے تیل کے ذخائر جاری کرنے کے فیصلے سے قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی۔اس سے قبل انھوں نے تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کو ’جنگ کا معاملہ‘ قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ’قیمتیں بہت نمایاں طور پر نیچے آ رہی ہیں۔ تیل نیچے آئے گا۔ یہ صرف جنگ کا معاملہ ہے جو ہوتا ہے۔ آپ تقریباً اس کی پیش گوئی کر سکتے ہیں۔‘صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ آبنائے ہرمز پر ’بہت گہری نظر رکھے گا۔‘ان کے مطابق ’آبنائے بہترین حالت میں ہے۔ ہم نے ان کی تمام کشتیاں تباہ کر دی ہیں۔ ان کے پاس کچھ میزائل ہیں، لیکن تعداد میں زیادہ نہیں۔‘

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کرتیکا کامرا اور گورو کپور بدھ کے روز باندرا میں واقع گھر پر ایک سادہ تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ اس تقریب میں دونوں کے اہلِ خانہ اور قریبی دوستوں نے شرکت کی روایتی شادی کی تقریب کے بجائے کرتیکا اور گورو نے اپنے گھر پر رجسٹرار کے ذریعے شادی کرنے کا انتخاب کیا۔
اپنی شادی کے دن کرتیکا کامرا نے سرخ رنگ کی چندیری ساڑھی زیب تن کی جو انہیں ان کی والدہ نے اپنے برانڈ سے تحفے میں دی تھی، جب کہ گورو کپور نے ڈیزائنر کا تیار کردہ آئیوری اور سنہری روایتی لباس پہنا۔
شادی میں بالی ووڈ کی کئی معروف شخصیات نے شرکت کی جن میں فرحان اختر، سوہا علی خان، ملائیکا اروڑا، ریہا چکرورتی جب کہ وریندر سہواگ، اشیش نہرا، کرکٹر یووراج سنگھ اور ظہیر خان نے اپنی بیگمات کے ہمراہ شرکت کی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کی سمری صدرِ مملکت کو ارسال کردی گئی ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے سمری منظوری کے لیے صدر پاکستان کو بھجوا دی ہے۔بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے نہال ہاشمی کی ملاقات بھی ہوئی جس میں انہیں گورنر سندھ تعیناتی پر مبارکباد دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار و دیگر بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ نہال ہاشمی کا تعلق کراچی سے ہے اور ان کی مسلم لیگ ن سے وابستگی بہت پرانی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسن اندرابی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب روانہ ہوئے ہیں، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ شہباز شریف سعودی ولی عہد سے ملاقات کریں گے جس دوران خطے میں جاری کشیدگی اور علاقائی سکیورٹی صورتحال سمیت دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب بہت اہمیت کا حامل ہے، وزیراعظم کا دورہ دو طرفہ قریبی مشاورت، خطے میں امن و سلامتی سے متعلق امور پر رابطوں کا حصہ ہے، پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے، جنگ بندی، مذاکرات اور سفارتکاری کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

76 سالہ عاصم بخاری کافی عرصے سے گردوں اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ پندرہ روز سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ طبیعت زیادہ بگڑنے پر وہ گزشتہ رات کومے میں چلے گئے تھے۔
عاصم بخاری نے اپنے طویل فنی کیریئر میں بے شمار ٹی وی ڈراموں، اسٹیج ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ شوبز حلقوں میں انہیں ایک تجربہ کار فنکار کے ساتھ ساتھ اداکاری کا استاد بھی سمجھا جاتا تھا اور انہوں نے کئی نئے فنکاروں کی رہنمائی بھی کی۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ مختلف فنکاروں اور مداحوں نے ان کی فنی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا

سماجی رابطے کی سائٹ پر شیطان کی شکل کا مجسمے کی ویڈیو وائرل ہوئی جس پر کورنگی صنعتی ایریا کی پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مجسمے کو قبضے میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔
پولیس کی کارروائی کے دوران دکاندار موجود نہیں تھا تاہم پولیس نے کچھ دیر بعد مجسمہ بنانے والے کاریگر کو پکڑ لیا۔پولیس کے مطابق تھرمو پول سے بنا مجسمہ مذہبی اسکالر نے دکاندار کو بنانے کا ٹاسک دیا اور اسے یوم القدس کے لیے بنوایا گیا تھا۔پولیس کے مطابق دکاندار عمران نے بتایا کہ علامہ صاحب نے کہا جمعہ کے روز ہم نے یہ پتلا جلوس میں احتجاج کے طور پر نذر آتش کرنا تھا۔
پولیس نے مجسمہ ساز کا وضاحتی بیان ریکارڈ کرنے کے بعد اسے جانے کی اجازت دے دی۔