پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 ایڈیشن میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 14 رنز سے شکست دے دی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا سکی۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شامل حسین 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان سعود شکیل 33، رائلی روسو 25، حسن نواز 19، احمد دانیال 4، خواجہ نافع 3 اور ٹام کرن 0 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
بین مکڈرموٹ 25 اور الزاری جوزف 3 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سلمان آغا، معین علی اور ایڈم زمپا نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز اسکور کیے۔
کنگز کی جانب سے معین علی 48 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان ڈیوڈ وارنر 35، سعد بیگ 30، سلمان آغا 22، اعظم خان 14، خوشدل شاہ 12، شاہد عزیز 8 اور محمد نعیم 0 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
حسن علی 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احمد دانیال نے 3 اور الزاری جوزف نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عثمان طارق اور ابرار احمد نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
غزہ کے علاقے مغازی پناہ گزین کیمپ میں ایک نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔
اسرائیلی فورسز نے 21 ماہ کے جواد ابو نصار کو ان کے والد کے ساتھ اسرائیلی فورسز نے وسطی غزہ میں حراست میں لیا۔ بچے کو تقریباً 10 گھنٹے بعد ریڈ کراس کے ذریعے رہا کیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے دوران حراست بچے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ بچے کے جسم کو سگریٹ سے داغا گیا اور اس کے زخموں میں ناخن پیوست کیے گئے، جس کے باعث وہ شدید تکلیف میں مسلسل روتا رہا۔ اسرائیلی فوج نے بچے پر زیادتی کے الزامات کی تردید کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ ان کا والد جو اب بھی لاپتہ ہے، حماس کا رکن تھا اور اس نے بچے کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔ تاہم اسرائیلی فوج نے اس دعوے سے متعلق کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔
کراچی گلبہار کے علاقے میں نجی بینک کی اے ٹی ایم مشین توڑ کر کیش نکالنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم نے گلبہار کی حدود میں واقع نجی بینک کے اے ٹی ایم کو نقصان پہنچاتے ہوئے کیش نکالنے کی کوشش کی، جس دوران مشین کی اسکرین، دیگر حصوں اور کیش ڈراؤرز کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔گلبہار پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بینک اسٹاف کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش معلوم ہوا کہ ملزم سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے اور اس سے قبل موٹر سائیکل لفٹنگ کے مقدمات میں بھی گرفتار ہو چکا ہے۔مزید انکشاف ہوا کہ ملزم نے اے ٹی ایم مشین کو توڑنے کے لیے پتھر کا استعمال کیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کو مقدمہ درج ہونے کے بعد مزید تفتیش کے لیے تفتیشی افسر کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال ہے،سڑکیں اور نشیبی علاقے پانی میں ڈوبے گئے۔خلیجی میڈیا کےمطابق شارجہ دبئی اورشمالی علاقوں میں سب سے زیادہ بارش ہوئی،بعض علاقوں میں 47ملی میٹرتک بارش ریکارڈکی گئی،دبئی گلف کلب پانی میں ڈوب گیا،طوفانی بارشوں کے دوران متعدد باربرج خلیفہ پربجلی گرگئی۔متحدہ عرب امارات کےبعض علاقوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی،امدادی ادارے سڑکوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔حکام نےاہم شاہراہوں پرحد رفتارکم کرکے 60 کلومیٹرفی گھنٹہ مقررکیا،محکمہ موسمیات کاکہنا ہےکہ طوفانی بادل العین اور الفجیرہ کی جانب بڑھ رہےہیں،شام تک موسم صاف ہونے کا امکان ہے۔
بدلتے عالمی منظر نامے میں محفوظ و مضبوط پاکستان، سرمایہ کاری اور عالمی تجارت کیلیے پرکشش منزل بننے لگا ہے۔ نیٹ سیکیورٹی اسٹیبلائزر کے ساتھ ساتھ پاکستان دنیا بھر کے لیے اب تجارتی حب بن چکا ہے۔کراچی پورٹ، پورٹ قاسم اور گوادر پورٹ سمیت پاکستانی بندرگاہوں پر سرگرمیوں میں تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دی پاکستان انڈیکس کے مطابق گزشتہ 24 دنوں میں کراچی پورٹ پر ٹرانس شپمنٹ میں زبردست اضافہ ہوا جو پورے سال کے برابر ہے۔کراچی پورٹ پر سال 2025 میں تقریباً 8 ہزار 300 کنٹینرز جبکہ صرف گزشتہ 24 دنوں میں 8ہزار 313 کنٹینرز کے برابر مال پہنچا۔ خلیجِ عرب میں شپنگ رکاوٹوں کے باعث روٹس کی تبدیلی سے پاکستان میں ٹرانس شپمنٹ سرگرمی میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ پاکستان نے بین الاقوامی ٹرانس شپمنٹ قواعد میں ترمیم کر کے سمندری اور فضائی بندرگاہوں میں کارگو ہینڈلنگ کی اجازت دے دی۔ٹریڈ کرونیکلس کے مطابق جنوبی ایشیا پاکستان ٹرمینل نے 5 ہزار 286، ہچیسن پورٹ نے ایک ہزار 827 اور کراچی گیٹ وے ٹرمینل نے ایک ہزار 200 کنٹینرز کی ترسیل و کارروائی مکمل کی۔عالمی ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ جنگ نے پاکستان کو ٹرانس شپمنٹ کا مستقل مرکز بننے کا سنہری موقع دیا۔ قریبی متبادل کی تلاش میں دنیا کا پاکستان کو ٹرانس شپمنٹ کے لیے بہترین مقام سمجھنا اہم کامیابی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مضبوط سیاسی و اقتصادی استحکام اور قیادت کی حکمت عملی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو نئی بلندیوں تک لے جا رہی ہے، سی پیک کے وسیع مواقع اور جدید انفرا اسٹرکچر پاکستان کو خطے میں تجارتی و لاجسٹک مرکز کے طور پر مستحکم کر رہے ہیں۔پاکستان محفوظ اور مستحکم ملک کے طور پر بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مقام بن گیا ہے۔
امریکی نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ذریعے ایران کے ساتھ مثبت اور مضبوط پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے، جو ممکنہ امن مذاکرات کے لیے اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
اپنے بیان میں اسٹیو وٹکوف نے بتایا کہ امریکا نے پاکستان کی خارجہ پالیسی ٹیم کے ساتھ مل کر 15 نکات پر مشتمل ایک ایکشن پلان تیار کیا جو ممکنہ امن معاہدے کے فریم ورک کی بنیاد بن سکتا ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے کو پاکستان نے بطور ثالث آگے بڑھایا اور ایران تک پہنچایا
انہوں نے کہا کہ اس 15 نکاتی ایکشن لسٹ کے ذریعے ایران کی جانب سے بھی مثبت ردعمل سامنے آیا ہے، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ سفارتی کوششیں کسی حد تک مؤثر ثابت ہو رہی ہیں۔ وٹکوف کے مطابق پاکستان اس پورے عمل میں ایک اہم پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان کا ثالثی کردار اس کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت اور عالمی سطح پر اعتماد کی علامت ہے۔ ان کے مطابق اگر یہ سفارتی کوششیں کامیاب رہیں تو خطے میں کشیدگی کم ہونے کے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔
پاکستان کوعالمی بینک سے 10 ارب 70 کروڑ روپےکانیا قرضہ ملنے کا امکان ہے،رقم توانائی کے منصوبے پر خرچ کی جائے گی۔
دستاویز کےمطابق منصوبےمیں ایشیئن انفراسٹریکچر بینک اوراسلامی ترقیاتی بینک بھی معاونت فراہم کریں گے،عالمی بینک نےپاکستان میں بلوں کی کم وصولی،سسٹم نقصانات اور ٹرانسمیشن رکاوٹوں کی نشاندہی بھی کردی۔
عالمی بینک کےمطابق پاکستان کا پاورسیکٹربجلی چوری سمیت بڑےمسائل کا شکارہے،پاورسیکٹر کے منصوبے کی مجموعی مالیت تقریباً 70 کروڑڈالرہے،مٹیاری سےرحیم یارخان تک 500 کےوی کی بڑی ٹرانسمیشن لائن بچھانےکامنصوبہ شامل ہے،مجوزہ منصوبہ 2026 سے 2035 پرمحیط 10 سال کےپروگرام کا حصہ ہے،بجلی کےنظام میں بہتری،بیٹری اسٹوریج اورنئی ٹرانسمیشن لائن منصوبےکا حصہ ہے،این ٹی ڈی سی میں اصلاحات کے لیےتکنیکی معاونت بھی دی جائے گی۔ دستاویز کےمطابق ایشیئن انفراسٹرکچر بینک اوراسلامی ترقیاتی بینک بھی مالی مدد کریں گے،منصوبے کامقصد پاکستان میں بجلی کا نظام مضبوط اور مستحکم بنانا ہے۔
جرمن وزیر خارجہ یوہان واڈے فیہول نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے نمائندے بہت جلد پاکستان میں ملاقات کرنے جا رہے ہیں، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنا اور ممکنہ مذاکرات کو آگے بڑھانا ہے۔جرمن ریڈیو کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان اب تک بالواسطہ رابطے جاری رہے ہیں، تاہم اب براہ راست ملاقات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور یہ اہم ملاقات پاکستان میں متوقع ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف بھی تصدیق کر چکے ہیں کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان مثبت پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے،دوسری جانب پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سرگرم سفارتی کوششیں کر رہا ہے اور امریکا و ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے راہ ہموار کر رہا ہے۔ماہرین کے مطابق اگر یہ ملاقات کامیاب ہوتی ہے تو یہ نہ صرف خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے سفارتی کردار کو بھی مزید مضبوط بنا سکتی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں بیلسٹک میزائل کے ملبے کے گرنے سے ایک پاکستانی شہری سمیت مزید دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق اماراتی فضائی دفاعی نظام نے آنے والے بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا تھا، تاہم اس کا ملبہ ابوظبی کے علاقے سویجان میں جا گرا جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان ہوا۔ حادثے میں متعدد گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
امارات میں پاکستانی سفارتخانے نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک پاکستانی شہری شامل ہے۔ سفارتخانے کی جانب سے متاثرہ خاندان سے اظہارِ تعزیت کیا گیا ہے اور یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ میت کو جلد پاکستان منتقل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق اس واقعے میں کم از کم تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
حالیہ کشیدگی کے دوران امارات میں ایرانی حملوں کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 8 غیر ملکی شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ فضائی دفاعی نظام میزائل حملوں کو بڑی حد تک ناکام بنا رہا ہے، تاہم ملبہ گرنے جیسے واقعات شہری علاقوں کے لیے خطرہ بن رہے ہیں، جس سے خطے میں سکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔










