راولپنڈی میں دلہن کو شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنا مہنگا پڑ گیا جبکہ واقعے میں ملوث دولہا فرار ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
راولپنڈی پولیس نے تھانہ مندرہ کی حدود میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے پر دلہن کو گرفتار کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزمہ کی شناخت ثناء کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس حکام نے اس بارے میں بتایا کہ شادی کی تقریب میں دلہن کی جانب سے ہوائی فائرنگ کا واقعہ گوہڑہ میں پیش آیا، پولیس نے واقعے کے خلاف مقدمہ اے ایس آئی وسیم اختر کی مدعیت میں درج کیا ہے۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہوائی فائرنگ کرنے کی اطلاع پر پولیس گوہڑہ پہنچی تو موقع پر موجود دولہا اور دلہن فرار ہوگئے، تاہم پولیس نے تعاقب کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق گرفتار ملزمہ سے 30 بور پستول برآمد کر لیا گیا جبکہ دولہا شہریار فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔
امریکی نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ذریعے ایران کے ساتھ مثبت اور مضبوط پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے، جو ممکنہ امن مذاکرات کے لیے اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
اپنے بیان میں اسٹیو وٹکوف نے بتایا کہ امریکا نے پاکستان کی خارجہ پالیسی ٹیم کے ساتھ مل کر 15 نکات پر مشتمل ایک ایکشن پلان تیار کیا جو ممکنہ امن معاہدے کے فریم ورک کی بنیاد بن سکتا ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے کو پاکستان نے بطور ثالث آگے بڑھایا اور ایران تک پہنچایا
انہوں نے کہا کہ اس 15 نکاتی ایکشن لسٹ کے ذریعے ایران کی جانب سے بھی مثبت ردعمل سامنے آیا ہے، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ سفارتی کوششیں کسی حد تک مؤثر ثابت ہو رہی ہیں۔ وٹکوف کے مطابق پاکستان اس پورے عمل میں ایک اہم پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان کا ثالثی کردار اس کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت اور عالمی سطح پر اعتماد کی علامت ہے۔ ان کے مطابق اگر یہ سفارتی کوششیں کامیاب رہیں تو خطے میں کشیدگی کم ہونے کے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔
خیبرپختونخوا کےضلع کوہاٹ میں گیس کابڑاذخیرہ دریافت ہوگیا،کنویں سے یومیہ 2 کروڑ 65 لاکھ اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہوگی۔گیس کاذخیرہ ٹل بلاک میں کھودے گئےکنویں سےدریافت ہوا،اوجی ڈی سی ایل نےپشرفت سےاسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کردیا،اوجی ڈی سی ایل نےدریافت کو قابل ذکر کامیابی قرار دیا ہے،کنویں میں پی پی ایل،پی او ایل،ایم اوایل اور جی ایچ پی ایل بھی حصہ دار ہیں۔ دریافت سےٹل بلاک میں دیگرکنوؤں کی کامیابی کےامکانات بھی بڑھ گئے،دریافت سےملک کی انرجی سیکیورٹی میں اضافہ اورطلب و رسد کے فرق میں کمی آئے گی۔
امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی ایک نئے اور غیر متوقع مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، جہاں سفارتی محاذ پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی توانائی تنصیبات پر ممکنہ حملوں کو 10 دن کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جسے ماہرین خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ایک بڑی کوشش قرار دے رہے ہیں
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر جاری بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ ایران کی درخواست پر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان نہایت اہم اور مثبت نوعیت کے مذاکرات جاری ہیں، جن کے نتیجے میں کسی بڑے تصادم سے بچنے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ پیش رفت سے قبل ایران نے ایک غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی جزوی بحالی کی اجازت دی۔ اس اقدام کو امریکا کے لیے ایک مثبت اشارہ اور “اعتماد سازی” کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ مبصرین کے مطابق یہی پیش رفت امریکی فیصلے کی بنیاد بنی، جس کے نتیجے میں حملوں میں عارضی مہلت دی گئی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے، اور یہاں کسی بھی قسم کی کشیدگی عالمی منڈیوں پر فوری اثر ڈال سکتی ہے۔ ایسے میں ایران کی جانب سے نرمی اور امریکا کی طرف سے مہلت دینا ایک ممکنہ سفارتی پیش رفت کی نشاندہی کرتا ہے۔
تاہم، اس تمام صورتحال کے باوجود خطے میں غیر یقینی برقرار ہے۔ دفاعی ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو یہ کشیدگی دوبارہ شدت اختیار کر سکتی ہے۔ دوسری جانب عالمی برادری اس پیش رفت کو بغور دیکھ رہی ہے اور دونوں ممالک پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ پہلے ہی مختلف تنازعات کا شکار ہے، اور کسی بھی بڑے تصادم کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا پر پڑ سکتے ہیں۔ اب سب کی نظریں آنے والے دنوں پر مرکوز ہیں کہ آیا یہ 10 دن کی مہلت کسی مستقل حل کی طرف لے جاتی ہے یا محض ایک عارضی وقفہ ثابت ہوتی ہے۔
پی ایس ایل 11 کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز نے حیدرآباد کنگزمین کو باآسانی 69 رنز سے شکست دے دی۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی جانب سے دیے گئے 200 رنز کے تعاقب میں حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم 19.5 اوورز میں 130 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کپتان مارنس لبوشین 26 اور صائم ایوب 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عثمان خان 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عرفان خان کو 4 رنز پر مستفیض الرحمان نے آؤٹ کیا، حسان خان 14 اور کوشل پریرا 1 رن بناسکے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے سکندر رضا، حارث رؤف اور عبید شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے اور حیدرآباد کنگزمین کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا تھا۔
فخر زمان نے 39 گیندوں پر 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 10 چوکے شامل تھے۔ محمد نعیم 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عبداللہ شفیق 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، پرویز حسین 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ حسیب اللہ خان 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور سکندر رضا 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، آصف علی 9 رنز بناسکے۔ حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے حسان خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ریلے میردیتھ نے بھی دو وکٹیں حاصل کی، محمد علی ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگزمین کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے اچھا مقابلہ کریں گے، کوشش ہوگی ایونٹ کا آغاز جیت سے کریں۔
کنگزمین کے کپتان مارنس لبوشین نے کہا کہ کئی باصلاحیت کھلاڑی ٹیم میں شامل ہیں، تمام کھلاڑی ایونٹ کے لیے پرجوش ہیں۔
ایران نے امریکا کی جانب سے پیش کردہ 15 نکاتی جنگ بندی منصوبے پر باضابطہ جواب دے دیا ہے اور اب واشنگٹن کے ردعمل کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی حکام نے اس منصوبے کو یک طرفہ اور غیر منصفانہ قرار دیا ہے، جسے زیادہ تر امریکی اور اسرائیلی مفادات کے مطابق ترتیب دیا گیا۔ ایرانی عہدیداروں کے مطابق یہ تجاویز پاکستان کے ذریعے تہران تک پہنچائی گئیں، اور ایران نے تفصیلی جائزے کے بعد اپنا مؤقف بھی پاکستان کے ذریعے امریکا تک منتقل کیا۔
ایران نے واضح کیا کہ مجوزہ تجاویز میں بنیادی تقاضوں کی کمی ہے اور موجودہ صورتحال میں باضابطہ مذاکرات کے لیے کوئی واضح فریم ورک موجود نہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس فیصلے سے خطے میں کشیدگی برقرار رہنے کے خدشات ہیں، اور امریکا کے ردعمل پر مستقبل کے مذاکرات کے امکانات متاثر ہو سکتے ہیں۔
ایران کے دارالحکومت تہران میں سیکیورٹی صورتحال اس وقت کشیدہ ہو گئی جب پاکستانی سفارتخانے اور سفیر کی رہائشگاہ کے قریب شدید بمباری کی اطلاعات سامنے آئیں۔ تاہم خوش آئند امر یہ ہے کہ تمام پاکستانی سفارتی عملہ محفوظ رہا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق بمباری کا سلسلہ رات تقریباً 8 بجے شروع ہوا، جس کے دوران سفارتخانے کے اطراف میں وقفے وقفے سے زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ان دھماکوں کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتخانے کے قریب ایرانی فوج کا ایک اہم مرکز ’ارتش‘ موجود ہے، جسے ممکنہ طور پر حملے کا ہدف بنایا گیا۔ دفاعی مبصرین کے مطابق اگر یہ دعویٰ درست ہے تو حملے کا مقصد کسی مخصوص فوجی تنصیب کو نشانہ بنانا ہو سکتا ہے، نہ کہ سفارتی مشنز کو۔
مزید اطلاعات کے مطابق پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو تہران میں ایک حساس علاقے میں مقیم ہیں، جو پاسدارانِ انقلاب کے زیر انتظام بتایا جاتا ہے۔ اس علاقے میں بھی بمباری کی گئی، تاہم سفیر کی رہائشگاہ محفوظ رہی اور انہیں کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔
حکام کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور سفارتی عملے کی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی حکام کی جانب سے ایرانی حکام سے بھی رابطہ کیا گیا ہے تاکہ واقعے کی نوعیت اور ممکنہ خطرات کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کی جا سکیں۔
عالمی سطح پر اس واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ سفارتی تنصیبات کے قریب اس نوعیت کی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی تصور کی جاتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی اسی طرح برقرار رہی تو اس کے اثرات نہ صرف ایران بلکہ دیگر ممالک کے سفارتی تعلقات پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
فی الحال صورتحال قابو میں بتائی جا رہی ہے، تاہم سیکیورٹی ادارے الرٹ ہیں اور مزید پیش رفت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔










