پشاور سمیت ملک بھر میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے ،اس حوالے ملک بھر میں نماز عید کے اجتماعات مقرر ہوئے جس میں فرزندن اسلام نے شرکت کی ،پشاور کے تاریخی عید گاہ میں صبح عید الفطر کی نماز 7بجےادا کی گئی نماز میں ہزاروں نمازیوں نے شرکت کی اس موقع پر مسجد و عید گاہ کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔،نمازیوں نے صفیں بھر کر نماز ادا کی، عیدگاہ میں بچوں اور بزرگوں کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے۔ عید کی نماز کے بعد خطیب نے عید کی اہمیت، صبر اور یکجہتی کے پیغامات دیے اور شہریوں کو عید پر فلاح و بہبود کے کاموں میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔پشاور پولیس اور رضاکاروں نے نمازیوں کی رہنمائی اور سیکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالے رکھی، تاکہ نماز کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔نمازعید کے بعدشہریوں نے گلے مل کر اور مبارکباد کا تبادلہ کرتے ہوئے عید کا جشن منایا۔

وزیراعظم نیتن یاہو نے میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ میں سب سے پہلے تو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں زندہ ہوں، اور آپ کے سامنے ہوں،۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ میں اب تک حاصل ہونے والی پیش رفت کے مطابق ’ہم جیت رہے ہیں اور ایران کو شدید نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے میزائل اور ڈرونز کے ذخائر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور ان صلاحیتوں کو مکمل طور پر ختم کرنے کا عزم کیا گیا ہے۔ نیتن یاہو کے مطابق حملوں کا ہدف وہ فیکٹریاں ہیں جو میزائلوں اور جوہری ہتھیاروں کے لیے پرزے تیار کرتی ہیں۔
نیتن یاہو نے مزید کہا کہ ان کے مطابق ایران اب یورینیم افزودگی اور بیلسٹک میزائل بنانے کی صلاحیت سے محروم ہو چکا ہے، تاہم انہوں نے اپنے اس دعوے کے حق میں کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات پہلے جاری تھے مگر ناکام ہو گئے، جس کے بعد 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل نے ایران پر فضائی حملے شروع کیے۔ اس دوران ایران نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل اور بعض خلیجی ممالک پر میزائل داغے اور آبنائے ہرمز میں ٹینکروں کی نقل و حرکت محدود کی۔
نیتن یاہو نے کہا کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ آیا ایرانی عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے یا نہیں۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ ایرانی عوام کو خود کرنا ہوگا۔
نیتن یاہو نے مزید کہا کہ زمینی کارروائی کے کئی امکانات موجود ہیں لیکن اس حوالے سے وہ تفصیلات ظاہر نہیں کریں گے۔
پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر حصوں میں دن اور رات کا دورانیہ 20 مارچ کو لگ بھگ یکساں ہو جائے گا۔
20 مارچ کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 46 منٹ پر اعتدال ربیعی یا Spring Equinox کا آغاز ہوگا۔
یہ وہ موقع ہوتا ہے جب سورج شمال کی طرف جاتے ہوئے خط استوا کے اوپر سے گزرتا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر حصوں میں دن اور رات کا دورانیہ 12، 12 گھنٹے کا ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ خط استوا دنیا کے نقشے پر بالکل درمیان میں کھینچا گیا ایک فرضی خط یا لکیر ہے جو ہماری دنیا کو شمال اور جنوب کی طرف دو برابر حصوں میں تقسیم کرتا ہے۔
اعتدال ربیعی کے موقع پر چونکہ سورج خط استوا کے اوپر ہوتا ہے تو دنیا میں لگ بھگ ہر جگہ سورج کی روشنی یکساں مقدار میں پہنچتی ہے۔
اعتدال ربیعی کے موقع پر سورج عین مشرق سے طلوع اور عین مغرب میں غروب ہوگا اور اس وجہ سے یہ ایک اہم فلکیاتی ایونٹ ہے۔ ایسا ہی ستمبر میں بھی ہوتا ہے جب اعتدال خریفی یا September equinox کا آغاز ہوتا ہے، اس وقت سورج شمالی سے جنوبی نصف کرے کی جانب جاتے ہوئے خط استوا کے اوپر سے گزرتا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے بلوم برگ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ میں امریکا کو فضائی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔رپورٹ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 16 امریکی طیارے تباہ ہو چکے ہیں، جن میں 10 ریپر ڈرون بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 6 امریکی جنگی طیاروں کو شدید نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تین امریکی جنگی طیارے کویت کی فضاؤں میں تباہ ہوئے، جن کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر فرینڈلی فائر کا نشانہ بنے۔اسی طرح ایک کے سی 135 ری فیولنگ طیارہ دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہو گیا، جس میں سوار عملے کے تمام 6 افراد ہلاک ہو گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی وردی تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ذرائع کے مطابق نئی یونیفارم کو کالے اور گرے رنگوں میں متعارف کرایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا عمل دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں ٹریفک پولیس کے دفاتر میں تعینات عملے کی وردی تبدیل کی جائے گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں فیلڈ اسٹاف کو نئی یونیفارم فراہم کی جائے گی۔
مزید برآں ٹریفک پولیس کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے نئی الیکٹرک ایس یو وی گاڑیاں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق درجن بھر الیکٹرک ایس یو ویز جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں، جو ٹریفک مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنانے میں مدد دیں گی۔
اطلاعات کے مطابق چینی کمپنی کی تیار کردہ یہ الیکٹرک گاڑیاں عید کے موقع پر اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر تعینات کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔

خوشی کا عالمی دن 20 مارچ کو منایا جاتا ہے اور اس موقع پر اقوام متحدہ کے تعاون سے دنیا کے خوش ترین ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے۔
اس فہرست میں پاکستان سمیت147 ممالک میں کو شامل کیا گیا ہے اور ممالک کی درجہ بندی کے لیے گیلپ ورلڈ پول کے ڈیٹا کو استعمال کیا گیا جس کے مطابق فن لینڈ مسلسل 9 ویں بار دنیا کا سب سے خوش ترین ملک قرار پایا ہے۔
اس فہرست میں ممالک کی درجہ بندی کے لیے 2023 سے 2025 کے درمیان کے ڈیٹا کو استعمال کیا گیا تاکہ عالمی سطح پر خوشی کے احساس کا مستحکم اندازہ لگایا جاسکے۔
ممالک کی درجہ بندی کے لیے فی کس آمدنی، متوقع زندگی، سماجی مدد، آزادی، سخاوت اور کرپشن جیسے عوامل کو مدنظر رکھا گیا۔
اس فہرست میں پاکستان 5 درجے بہتری کے ساتھ 104 ویں نمبر پر موجود ہے، گزشتہ سال پاکستان کا نمبر 109 تھا۔ خوش رہنے کے احساس میں بھارت پاکستان سے پیچھے ہے جس کے حصے میں 116 واں نمبر آیا۔
فن لینڈ مسلسل 9 ویں سال خوش ترین ملک قرار پایا مگر اس بار آئس لینڈ ڈنمارک کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر چلا گیا جبکہ ڈنمارک کے حصے میں تیسرا نمبر آیا۔ چوتھا نمبر کوسٹا ریکا کے نام رہا جس کے بعد سویڈن 5 ویں، ناروے چھٹے اور نیدرلینڈز 7 ویں نمبر پر رہا۔
دنیا میں سب سے زیادہ خوش مسلم ملک کا اعزاز کوسوو کے حصے میں آیا جو مجموعی طور پر 16 ویں نمبر پر رہا جبکہ متحدہ عرب امارات 21 اور سعودی عرب 22 ویں نمبر پر رہے۔ حیران کن طور پر سپر پاور امریکا کے حصے میں 23 واں نمبر آیا۔

ایران کی سب سے بڑی توانائی تنصیبات پارس گیس فیلڈ پر صیہونی حملے کے بعد جوابی کارروائی میں اسرائیل کی حیفہ آئل ریفائنری پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ شمالی شہر حیفا میں واقع آئل ریفائنری کو ایرانی میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
اسرائیلی وزیر توانائی ایلی کوہن کے مطابق حملے کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی عارضی طور پر متاثر ہوئی، تاہم زیادہ تر علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی۔

سعودی عرب میں نماز عید کے سے بڑے اجتماع مکہ مکرمہ مسجد الحرام اور مدینہ منورہ مسجد نبوی میں منعقد ہوئے جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی جبکہ اردن، کویت، متحدہ عرب امارات، فلسطین اور جاپان میں بھی مسلمان عید الفطر کی خوشیاں منا رہے ہیں۔
امریکا، یورپ، آسٹریلیا اور چین میں بھی آج عید منائی جارہی ہے، اس موقع پر نماز عید کے خصوصی انتطامات کئے گئے، ، دوسری جانب مصر میں بھی گزشتہ شب شوال کا چاند دیکھنے جانے کے بعد آج عید منائی جارہی ہے۔
دوسری جانب عمان اور لندن میں بھی چاند نظر آنے پر آج بروز جمعہ عید منائی جارہی ہے۔ امریکا اور کینیڈا میں آج مسلمان جوش و خروش سے عید منارہے ہیں تاہم پاکستان، بھارت اور بنگلا دیش سمیت دیگر ایشیائی ممالک میں آج روزہ رکھا گیا ہے۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے متحدہ عرب امارات کو تقریباً 7 ارب ڈالر مالیت کے جدید ہتھیار فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اس معاہدے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت یو اے ای کو تقریباً 5.6 ارب ڈالر کے پیٹریاٹ میزائل سسٹمز اور 1.3 ارب ڈالر کے جدید جنگی ہیلی کاپٹر فراہم کیے جائیں گے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں ایران کے ساتھ کشیدگی بڑھ رہی ہے اور خلیجی ممالک اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکا اس سے قبل بھی تین خلیجی ممالک کو مجموعی طور پر 16.5 ارب ڈالر کے ہتھیار فروخت کرنے کا اعلان کر چکا ہے۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یو اے ای کے صدر محمد بن زاید النہیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا، جس میں ایران کے حملوں اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے امارات میں شہریوں اور اہم تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی مذمت بھی کی۔
اور ممبران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔سینئر قانون دان ایاز شوکت کو 5 سال کے لیے سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کا پہلا چیئرمین تعینات کیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔اتھارٹی کے دیگر ممبران میں سہیل اقبال بھٹی، عدنان خان، محمد سلمان ظفر، فہد ملک اور سعد علی شامل ہیں۔وزارت داخلہ کی جانب سے چیئرمین اور 5 ممبران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جو 5 سال کی مدت کے لیے ہوگا۔ایاز شوکت اس سے قبل بطور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد خدمات انجام دے رہے ہیں اور وہ عید کے بعد بطور چیئرمین عہدہ سنبھالیں گے۔اتھارٹی کے قیام کے بعد فیک یا غلط معلومات اور خبروں سے متاثرہ کوئی بھی شخص شکایت درج کرا سکے گا، جبکہ ادارے کو متعلقہ مواد بلاک کرانے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔