اسرائیلی صدر ہیلی کاپٹر حادثے میں بال بال بچ گئے

اسرائیلی فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر صدر اسحاق ہرزوگ کو لیکر پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد حادثے کا شکار ہوگیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی صدر ہرزوگ یروشلم میں ماؤنٹ ہرزل پر ایک یادگاری تقریب میں شرکت کے بعد شمالی اسرائیل میں تعزیت (شیوا) کے لیے جا رہے تھے۔ہیلی کاپٹر جیسے ہی فضا میں بلند ہوا سامنے سے آتے پرندوں کے غول سے ٹکرا کر ہچکولے کھانے لگا۔ پائلٹ نے ہوشیاری سے کام لیتے ہوئے ہنگامی لینڈنگ کی۔ترجمان اسرائیلی فوج نے بتایا کہ اس واقعے میں اسرائیلی صدر ہرزوگ، فضائی عملے یا ہیلی کاپٹر میں سوار کسی بھی شخص کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ابتدائی معائنے میں ہیلی کاپٹر کو بھی کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا

آن لائن جوئے کا انجام، خیبرپختونخوا کے نوجوان کی ملائیشیا میں خودکشی

خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے، جو روزگار کے سلسلے میں ملائیشیا میں مقیم تھا، مبینہ طور پر آن لائن جوئے میں بھاری رقم ہارنے کے بعد شدید ذہنی دبائو کا شکار ہو کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق نوجوان بیرونِ ملک محنت مزدوری کے ذریعے روزگار کما رہا تھا، تاہم وہ آن لائن جوئے اور بیٹنگ کے مختلف پلیٹ فارمز پر بڑی رقم ہار بیٹھا۔مالی نقصان کے بعد وہ شدید ذہنی پریشانی اور مایوسی کا شکار ہو گیا اور مبینہ طور پر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی۔افسوسناک واقعے نے ایک بار پھر آن لائن جوئے، غیرقانونی بیٹنگ اور سوشل میڈیا پر آسان کمائی کے جھانسے دینے والے نیٹ ورکس کے بڑھتے ہوئے خطرات کو اجاگر کر دیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں آن لائن جوئے، لاٹری سسٹمز اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے لوگوں کو مختصر وقت میں زیادہ منافع کمانے کے دعوے کیے جاتے ہیں۔ ان پلیٹ فارمز پر نوجوانوں کو بڑی آمدن کا لالچ دے کر سرمایہ لگانے پر آمادہ کیا جاتا ہے، لیکن اکثر افراد مالی نقصان کا شکار ہو جاتے ہیں۔ایسے مالی نقصانات بعض اوقات شدید ذہنی دبا، اضطراب اور مایوسی کا باعث بنتے ہیں، اس لیے عوام خصوصا نوجوانوں کو غیرقانونی آن لائن جوئے، بیٹنگ اور آسان کمائی کے جھانسوں سے بچنے کی ضرورت ہے

آبنائے ہرمز ،آئل ٹینکرز پاسداران انقلاب کی وارننگ کے بعد واپس لوٹ گئے

پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز سے بغیر اجازت گزرنے والے 3 آئل ٹینکرز کو وارننگ کے بعد واپس بھیج دیا۔عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز سے تین بین الاقوامی جہازوں نے بغیر اجازت گزرنے کی کوشش کی جس پر پاسداران انقلاب نے انہیں وارننگ دی اور مزید پیش قدمی پر ایکشن کا عندیہ دیا۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کی وارننگ پر تینوں جہاز واپس لوٹ گئے۔ تاہم یہ بات سامنے نہیں آئی کہ تینوں جہاز کس ملک کے تھے۔اُدھر پاسداران انقلاب نے واضح کیا ہے کہ تہران کے منظور کردہ روٹ کے علاوہ جہاز کوئی اور راستہ استعمال نہیں کرسکتے۔پاسداران انقلاب نے واضح کیا کہ تمام جہازوں کے گزرنے کیلیے ایک ہی راستہ آبنائے ہرمز کا ہے اس کے علاوہ کسی اور راستے سے جہاز گزرنے پر ایکشن لیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سنگاپور کے جھنڈے والے جہاز پر آبنائے ہرمز کے قریب پروجیکٹائل حملہ ہوا جس میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا البتہ اس کے بعد اقوام متحدہ نے 11 ہزار ملاح ریسکیو کرنے کا آپریشن معطل کردیا۔تہران نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم آبنائے ہرمز کے بغیر اجازت استعمال کے حوالے سے ایرانی حکام متعدد بار وارننگ جاری کرچکے ہیں۔

باڑہ پولیس حوالات سے منشیات سمگلر فرار، مقدمہ درج

ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں 16 کلو گرام چرس سمیت گرفتار کیا گیا ملزم مبینہ طور پر پولیس حوالات سے فرار ہوگیا، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فرار ہونے والے ملزم کی شناخت افضل خان سکنہ ملک دین خیل کے نام سے ہوئی ہے، جسے گزشتہ روز شین کمر کے علاقے سے کارروائی کے دوران 16 کلو گرام چرس برآمد ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔واقعے کے حوالے سے ایس ایچ او زاہد کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل محرر مبینہ طور پر ملزم کو حوالات سے باہر نکال کر اپنے ڈیرے پر لے گیا، جہاں سے وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ اور چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دی ہیں

بنوں میں ایمبولینس پر فائرنگ سے 4افراد جاں بحق

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔پولیس کے مطابق واقعہ سی پیک سرکلر روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے ایک ایمبولینس پر فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔بعد ازاں بنوں بائی پاس روڈ پر پیٹرول پمپ کے قریب چار افراد کی لاشیں بھی برآمد ہوئیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر شناخت اور پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بنوں منتقل کر دیا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت اور واقعے کے محرکات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ آیا ایمبولینس پر فائرنگ اور بائی پاس روڈ پر ملنے والی لاشوں کا آپس میں تعلق ہے یا نہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوئوں سے تحقیقات جاری ہیں اور واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے

واٹس ایپ صارفین کو فراڈ سے بچانےکیلئے بہترین فیچر متعارف

اگر کبھی آپ کو کسی نامعلوم نمبر سے میسج موصول ہوا ہو جس میں دعویٰ کیا گیا ہو کہ وہ آپ کے جاننے والا ہے، تو ایسا صرف آپ کے ساتھ نہیں ہوتا اور واٹس ایپ کو بھی اس کا علم ہے۔یہی وجہ ہے کہ میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ میں ایک نیا سکیورٹی فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔اس فیچر میں صارفین کو کسی نامعلوم نمبر کی چیٹ کو اوپن کرنے سے قبل ہی واٹس ایپ کی جانب سے انتباہ کیا جائے گا۔اس کا مقصد آپ کو کسی ممکنہ فراڈ کرنے والے فرد سے رابطے سے قبل سوچنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔Wabetainfo کے مطابق یہ نیا فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔کمپنی کی جانب سے بتایا جائے گا کہ یہ فون نمبر کہاں رجسٹر ہوا، کیا کانٹیکٹ کے طور پر محفوظ کرنے کے لیے محفوظ ہے اور کیا دونوں صارفین کسی مشترکہ گروپ میں موجود ہیں یا نہیں۔

امریکا کا ایرانی پاسدارانِ انقلاب کیساتھ براہ راست رابطے کا فیصلہ

امریکا نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ براہِ راست رابطے کا فیصلہ کرلیا ہے۔امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے برطانوی نیوز ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکی سینٹ کام اور ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے حکام دوحہ میں ملاقات کریں گے۔جے ڈی وینس نےکہا کہ اختلافات ختم کرنے، معاشی مراعات اور تعاون پر بات چیت ہوگی۔امریکی نائب صدر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ ایسے نئے رابطے قائم کیے جو پہلے نہیں تھے، ان رابطوں میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ رابطے بھی شامل ہیں۔دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک آبنائے ہرمز سے ٹیکس وصول نہيں کرسکتا۔خلیجی ملکوں کے رہنماؤں سے میٹنگ کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہرمز سے جہازوں کی آمدورفت نہ ہونا معاہدے کی خلاف ورزی ہوگی ۔ ایران کے ساتھ معاہدے میں خلیجی اتحادیوں کا تحفظ بھی شامل ہوگا۔

وینزویلا میں آنے والے زلزلے سے ایک لاکھ تک اموات کا خدشہ

وینزویلا کا دارالحکومت کراکس دو انتہائی طاقتور زلزلوں سے لرز اٹھا، جہاں چند سیکنڈ کے وقفے سے آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے جھٹکوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، اب تک ہلاکتوں کی تعداد 235 ہوگئی جبکہ 1500 سے زائد افراد زخمی ہیں جب کہ زلزلے سے ایک لاکھ تک اموات کا خدشہ ہے۔ایک منٹ کے اندر آنے والے دو طاقتور ترین زلزلوں کیوجہ سے متعدد رہائشی اور کمرشل عمارتیں منہدم ہوئیں جن کے ملبے تلے سیکڑوں افراد موجود ہونے کی اطلاعات ہیں۔یو ایس جیالوجیکل سروے کے مطابق ایک لاکھ تک اموات ہوسکتی ہیں، اب تک 10 ہزار سے زائد لاپتہ افراد کی نشاندہی ہوچکی ہے جبکہ 164 افراد ہلاک اور 7 سو سے زائد زخمیوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق گذشتہ رات وینزویلا میں آنے والے زلزلوں میں سے ایک سنہ 1900 کے بعد ملک میں آنے والا سب سے طاقتور زلزلہ تھا۔ادارے کے زلزلوں کے ریکارڈ کے مطابق 29 اکتوبر 1900 کو وینزویلا کے ساحل کے قریب 7.7 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جسے سان نارسیسو زلزلہ کہا جاتا ہے، غیر ملکی میڈیا کے مطابق حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ زلزلے سے ہونے والی اموات میں اضافے کا خدشہ ہے اور تعداد لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔زلزلے کے بعد ہنگامی امدادی کام جاری ہیں جہاں رضاکار ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے کیلیے کوشاں ہیں اور اب تک 235 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ درجنوں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔زلزلے کے باعث شہری خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر سڑکوں پر آگئے

تشدد، توہین وغیر انسانی سلوک کسی مہذب معاشرے میں ناقابل قبول ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تشدد، غیر انسانی و توہین آمیز سلوک کسی بھی مہذب معاشرے میں ناقابل قبول ہے۔تشدد کے متاثرین کی حمایت کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں تشدد کے متاثرین سے پرخلوص انداز میں اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ آج پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر تشدد کی ہر شکل کے خاتمے، انسانی وقار، انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن انسان کی عزت و تکریم کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور یاد دہانی کراتا ہے کہ تشدد، غیر انسانی یا توہین آمیز سلوک کسی بھی مہذب معاشرے میں ناقابلِ قبول ہے۔ ایسے مکروہ اقدامات انسانی حقوق اور انسانی وقار کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور بین الاقوامی قوانین اور اسلامی تعلیمات کے بھی منافی ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان انسان کے تقدس و وقار سے متعلق اسلامی اقدار کی رہنمائی اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی روشنی میں تشدد کے خاتمے اور تمام افراد کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے قومی عزم کا اعادہ کرتا ہے۔اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی نوعیت کے معاشرتی تشدد کے متاثرین بہترین طبی، نفسیاتی، قانونی اور سماجی معاونت کے حقدار ہیں اور تشدد کے مرتکب افراد کا احتساب یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ قوانین کے موثر نفاذ، قانونی و ادارہ جاتی اصلاحات اور ریاستی تحفظ و نگرانی کے نظام کو مزید مستحکم بنایا جا رہا ہے۔عالمی دن کی مناسبت سے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان غیر ملکی قابضین کی طرف سے وسیع پیمانے اور منظم انداز میں تشدد کے بطور ہتھیار استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام ریاستی جبر و استبداد، قابضین کے بدترین تشدد اور توہین آمیز و غیر انسانی سلوک کا سامنا کر رہے ہیں۔قابضین کے جرائم کی مذمت اور انکی جوابدہی مشترکہ عالمی ذمہ داری ہے۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اس موقع پر پاکستان عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) میں ریاستی دہشت گردی کےمتاثرین کی مشکلات و مصائب کی جانب مبذول کرانا چاہتا ہے۔ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں دہائیوں سے انسانی حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں

بلوچستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے

بلوچستان میں 5.0 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا جب کہ اس کا مرکز کوہلو سے 65 کلومیٹر شمال مشرق میں ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق صبح 10 بج کر 58 منٹ پر بلوچستان میں زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 5.0 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 18 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز بلوچستان کے ضلع کوہلو سے تقریباً 65 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا، جس کے جغرافیائی نقاط 30.40 درجے شمالی عرض بلد اور 69.68 درجے مشرقی طول بلد ریکارڈ کیے گئے