پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے دوران بال ٹیمپرنگ کیس میں پی سی بی نے فخر زمان کو سزا سنادی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق قومی کرکٹر فخر زمان کو پی ایس ایل کے دو میچز کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔یہ پابندی ان پر ضابطہ اخلاق کی شق 2.14 کی خلاف ورزی پر لیول تھری جرم ثابت ہونے کے بعد عائد کی گئی ہے۔یاد رہے کہ لاہور قلندرز کے فخر زمان 29 مارچ کو کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ کے آخری لمحات میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کرتے نظر آئے تھے۔آن فیلڈ امپائرز نے لاہور قلندرز پر پانچ رنز کی پنالٹی عائد کرکے گیند تبدیل کردی تھی۔
لاہور کی عدالت نے گلوکار علی ظفر اور اداکارہ میشا شفیع کے درمیان طویل عرصے سے جاری ہتکِ عزت کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے علی ظفر کے مؤقف کو درست قرار دے دیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں میشا شفیع پر 50 لاکھ روپے ہرجانہ بھی عائد کر دیا ہے۔یہ مقدمہ اُس وقت سامنے آیا تھا جب میشا شفیع نے علی ظفر پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے تھے، جس کے جواب میں علی ظفر نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔ اب سیشن عدالت لاہور نے اس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے گلوکار کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ بھی اس معاملے میں اہم ریمارکس دے چکی ہے۔ عدالتِ عالیہ نے میشا شفیع کی جانب سے سوشل میڈیا پر بیان دینے سے متعلق عائد پابندی کو برقرار رکھا تھا اور اسے ختم کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی۔ جسٹس احمد ندیم ارشد کی جانب سے جاری تفصیلی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ اظہارِ رائے بنیادی حق ضرور ہے، لیکن اسے کسی کی عزت اور وقار کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔عدالتی فیصلے کے بعد یہ کیس ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گیا ہے، اور سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں
بالی ووڈ اداکارہ کریتی سینن نے اپنی آنے والی فلم ’کاک ٹیل 2‘ سے متعلق گفتگو میں انکشاف کیا ہے کہ اس پروجیکٹ میں ان کا کردار ان کے کیریئر کا سب سے منفرد اور جرأت مندانہ ہوگا۔ ان کے مطابق شائقین انہیں اس فلم میں ایک بالکل نئے انداز میں دیکھیں گے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے کریتی سینن نے کہا کہ یہ کردار نہ صرف ان کے پچھلے کام سے مختلف ہے بلکہ ممکنہ طور پر ان کا اب تک کا سب سے ’ہاٹ‘ روپ بھی ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ فلم کے ہدایتکار ہومی اداجانیا کا بصری اور جمالیاتی انداز نہایت منفرد ہے، اور انہوں نے اداکارہ کے اندر ایک ایسا ’کول‘ پہلو اجاگر کیا ہے جس سے وہ خود بھی پہلے واقف نہیں تھیں۔اداکارہ نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ ’کاک ٹیل 2‘، پرانی فلم ’کاک ٹیل‘ کا براہِ راست سیکوئل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی فلم اگرچہ اسی طرز اور ماحول کی جھلک پیش کرے گی، مگر اس کی کہانی اور کردار مکمل طور پر مختلف ہیں اور اسے ایک الگ فلم کے طور پر دیکھنا چاہیے۔یاد رہے کہ پہلی فلم ’کاک ٹیل‘ میں سیف علی خان، دپیکا پڈوکون اور ڈیانا پنٹی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، جسے شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی کی بڑی بہن معروف ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت بحال کردی۔
جسٹس محمد اعظم خان نے فضیلہ عباسی کی ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت بحال کرکے ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
ڈاکٹر فضیلہ عباسی اپنے وکیل نعیم بخاری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں، انکے وکیل کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فضیلہ عباسی تین مرتبہ عدالت کے سامنے پیش ہوئیں، ایک مرتبہ پیش نا ہوئیں اور تین دن کا میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کرایا تو ضمانت خارج ہو گئی۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر فضیلہ عباسی پر اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے، ایف آئی آر کے مطابق ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے 22 بینک اکاؤنٹس میں تقریباً 25 ارب روپے کی بڑی رقم جمع کرائی گئی، جسے بعد ازاں دبئی اور امریکا منتقل کیا گیا، حکام کا کہنا ہے کہ اس رقم کے ذرائع تاحال واضح نہیں ہوسکے۔
حمزہ علی عباسی نے اپنی بہن فضیلہ عباسی کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کا نام اس مقدمے سے منسلک نہ کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کی بہن ایک کامیاب پروفیشنل ہیں اور بطور بھائی وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں، لیکن ان کے قانونی اور پیشہ ورانہ معاملات سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔

اسلام آباد:آئی ایم ایف نے پیٹرولیم مصنوعات اور سولر سسٹم پر 18 فیصد جی ایس ٹی لگانے کا مطالبہ کردیا جس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات اور سولر سسٹم مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ہے، آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں16سو ارب روپے سے زائد اضافے کے ساتھ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 15 ہزار 600 ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز دیدی۔ایف بی آر کے ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف نے حکومت سے کئی مطالبات کردیے ہیں جس کے تحت اگلے مالی سال ٹیکس ہدف میں 16سو ارب روپے سے زائد اضافے کی تجویز دے دی ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے پیٹرول سمیت ایندھن پر 18 فیصد جی ایس ٹی لگانے کا مطالبہ کیا ہے، اس وقت پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی کی شرح صفر ہے، اسی طرح آئی ایم ایف نے سولر صارفین پر بھی 18 فیصد ٹیکس عائد کرنے پر زور دیا ہے اور نئے گھروں پر ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔آئی ایم ایف نے چھوٹے کاروبار اور تاجروں پر اثاثوں کی بنیاد پر ٹیکس لگانے اور نئے بجٹ میں ٹیکس ہدف 15 ہزار 600 ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز دی ہے جبکہ رواں سال 14 ہزار 131 ارب کا ہدف کم کرکے 13 ہزار 979 ارب رکھا گیا تھا، ہدف میں 152 ارب کمی کے باوجود 8 ماہ میں 428 ارب روپے شارٹ فال ہوحکام ایف بی آر کے مطابق مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ٹیکس وصولی میں کمی 600 ارب سے بڑھنے کا خدشہ ہے اور رواں ماہ (مارچ) میں اب تک 865 ارب سے زائد کی وصولی، ہدف 1367 ارب ہے، جنگ کے باعث درآمدات متاثر، مہنگے تیل سے کاروباری سرگرمیوں میں کمی وجہ قرار دیا گیاہے۔ایف بی آر سپر ٹیکس اور سرچارج کی وصولی سے خسارہ پورا ہونے کے لیے پُرامید ہے جبکہ حکام وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ نئے بجٹ سے پہلے آئی ایم ایف سے مزید بات چیت ہوگی

پاکستان اور چین نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کیلیے پانچ نکاتی مشترکہ ایجنڈا پیش کردیا۔تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بیجنگ میں چینی ہم منصب وانگ یی سے ملاقات میں دونوں ممالک نے خلیج و مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے پانچ نکاتی مشترکہ منصوبہ پیش کیا۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان اور چین نے مشرق وسطیٰ و خلیج میں تنازع کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے، جنگ سے متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کا منصوبہ پیش کیا۔دونوں ممالک نے زور دیا کہ ایران اور خلیجی ریاستوں کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کا تحفظ کیا جائے جبکہ پاکستان اور چین نے مسائل کے حل کے لیے سفارتکاری اور مذاکرات کو واحد مؤثر راستہ قرار دیتے ہوئے تمام فریقین پر تنازع کے پرامن حل کے لیے مذاکرات شروع کرنے کی تجویز دی۔آبنائے ہرمز کو عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک نے جہازوں اور عملے کی حفاظت یقینی بنانے اور تجارتی جہازوں کی محفوظ و جلد آمدورفت بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔چین اور پاکستان نے کثیرالجہتی نظام کو فروغ دینے، اقوام متحدہ کے کردار کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر جامع امن فریم ورک تشکیل دینے کی حمایت کا اعادہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کی جانب سے پیش کیے گئے نکات خطے میں دیرپا امن کے قیام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو سکتے ہیں۔قبل ازیں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایک روزہ اہم سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے جہاں انکی چینی ہم منصب سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور چینی سفیر یوئے شیاو یونگ نے بیجنگ پہنچنے پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وال سٹریٹ جرنل نے ٹرمپ انتظامیہ کے حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ٹرمپ نے اپنے معاونین سے کہا ہے کہ وہ ایران جنگ کو ختم کرنے کے لیے تیار ہیں بھلے آبنائے ہرمز بند رہے۔
ٹرمپ اور ان کے معاونین کا خیال ہے کہ آبنائے ہرمز کو کھولنے کے لیے فوجی کارروائیاں ایران کے تنازع کو چار سے چھ ہفتوں کی ٹائم لائن سے آگے دھکیل دیں گی۔ انتظامیہ کے حکام نے بتایا کہ صدر کے پاس فوجی اختیارات ہیں، لیکن وہ ان کی ترجیح نہیں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ نے فیصلہ کیا ہے کہ امریکا ایران کی بحریہ اور میزائلوں کو تباہ کرکے اپنے مقاصد حاصل کرے، پھر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے تہران پر سفارتی دباؤ ڈالے گا اور دشمنی کو ختم کرے گا۔ اور اگر ایران ایسا نہیں کرتا تو واشنگٹن یورپ اور خلیج میں اتحادیوں پر دباؤ ڈالے گا کہ وہ آبنائے کو دوبارہ کھلوائیں۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر 48 گھنٹوں میں آبنائے ہرمز نہ کھلی تو ایران کے شہری بنیادی انفراسٹرکچر پر حملہ کر دیں گے۔

ڈی ایچ اے پشاورمیں 25 مارچ 2026 کو ریزیڈنشل پلاٹس کی بیلٹنگ کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جسے شرکاء نے ایک یادگار اور تاریخی لمحہ قرار دیا۔ اس موقع پر شہریوں کے خوابوں کو حقیقت کا روپ ملتا دکھائی دیا اور ماحول خوشی و مسرت سے بھر گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے پشاور، بریگیڈیئر ہارون رشید خان تھے، جن کی موجودگی نے تقریب کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا۔ بیلٹنگ میں 5 مرلہ، 10 مرلہ اور 1 کنال کے رہائشی پلاٹس شامل تھے۔ جیسے ہی نتائج کا اعلان کیا گیا، کامیاب امیدواروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور شرکاء نے اس عمل کو شفاف اور منظم قرار دیا۔تقریب کے دوران نہ صرف بیلٹنگ کے مراحل کو شفاف انداز میں مکمل کیا گیا بلکہ شرکاء کی تفریح کے لیے موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا، جہاں گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے ماحول کو مزید خوشگوار بنا دیا۔ اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے آئندہ بیلٹنگ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا گیا، جس سے عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہوا۔ڈی ایچ اے پشاور کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ادارہ مستقبل میں بھی اسی شفافیت اور معیار کو برقرار رکھتے ہوئے شہریوں کو بہترین رہائشی سہولیات فراہم کرتا رہے گا۔

لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں کل سے شدید بارشوں کا امکان ہے جس کے سبب پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے میں بارش سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 4 اپریل تک جاری رہے گا۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، گجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے۔
حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب اور منڈی بہاءالدین میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں بارشوں کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق ڈیرہ غازی خان اور سلیمان رینج کے برساتی نالوں کے بہاو میں اضافے کا خدشہ ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطابق ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ آسمانی بجلی سے بچاو کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں، آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات تلے ہرگز نہ جائیں۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ کسان تمام تر اقدامات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے لہٰذا سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ میں آدھے سے زیادہ مقاصد حاصل کرلیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو نے ایک امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے اس جنگ میں آدھے سے زیادہ اہداف حاصل کرلیے ہیں تاہم لیکن اس جنگ کے خاتمے پر میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ نے ایران کے پاسداران انقلاب کے “ہزاروں” ارکان کو ہلاک کرنے سمیت کئی اہداف حاصل کیے ہیں۔ ہم ان کی ہتھیاروں کی صنعت کو ختم کرنے کے بھی قریب ہیں۔
نیتن یاہو نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ ایران کی اسلامی جمہوریہ ختم ہوجائے گی تاہم انہوں نے اضافہ کیا کہ جنگ کا مقصد یہ نہیں تھا
واضح رہے کہ 28 فروری کو اسرائیل کے ساتھ جنگ کا آغاز کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ یہ آپریشن چار سے چھ ہفتے تک جاری رہے گا۔
سکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ جنگ مہینوں کے بجائے ہفتوں جاری رہے گی۔ نیتن یاہو اور ٹرمپ نے بارہا الزام لگایا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کے قریب ہے جبکہ یہ الزام اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے کی رپورٹ کیخلاف ہے۔