پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کی سمری صدرِ مملکت کو ارسال کردی گئی ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے سمری منظوری کے لیے صدر پاکستان کو بھجوا دی ہے۔بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے نہال ہاشمی کی ملاقات بھی ہوئی جس میں انہیں گورنر سندھ تعیناتی پر مبارکباد دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار و دیگر بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ نہال ہاشمی کا تعلق کراچی سے ہے اور ان کی مسلم لیگ ن سے وابستگی بہت پرانی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسن اندرابی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب روانہ ہوئے ہیں، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ شہباز شریف سعودی ولی عہد سے ملاقات کریں گے جس دوران خطے میں جاری کشیدگی اور علاقائی سکیورٹی صورتحال سمیت دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب بہت اہمیت کا حامل ہے، وزیراعظم کا دورہ دو طرفہ قریبی مشاورت، خطے میں امن و سلامتی سے متعلق امور پر رابطوں کا حصہ ہے، پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے، جنگ بندی، مذاکرات اور سفارتکاری کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
76 سالہ عاصم بخاری کافی عرصے سے گردوں اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ پندرہ روز سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ طبیعت زیادہ بگڑنے پر وہ گزشتہ رات کومے میں چلے گئے تھے۔
عاصم بخاری نے اپنے طویل فنی کیریئر میں بے شمار ٹی وی ڈراموں، اسٹیج ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ شوبز حلقوں میں انہیں ایک تجربہ کار فنکار کے ساتھ ساتھ اداکاری کا استاد بھی سمجھا جاتا تھا اور انہوں نے کئی نئے فنکاروں کی رہنمائی بھی کی۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ مختلف فنکاروں اور مداحوں نے ان کی فنی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا
سماجی رابطے کی سائٹ پر شیطان کی شکل کا مجسمے کی ویڈیو وائرل ہوئی جس پر کورنگی صنعتی ایریا کی پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مجسمے کو قبضے میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔
پولیس کی کارروائی کے دوران دکاندار موجود نہیں تھا تاہم پولیس نے کچھ دیر بعد مجسمہ بنانے والے کاریگر کو پکڑ لیا۔پولیس کے مطابق تھرمو پول سے بنا مجسمہ مذہبی اسکالر نے دکاندار کو بنانے کا ٹاسک دیا اور اسے یوم القدس کے لیے بنوایا گیا تھا۔پولیس کے مطابق دکاندار عمران نے بتایا کہ علامہ صاحب نے کہا جمعہ کے روز ہم نے یہ پتلا جلوس میں احتجاج کے طور پر نذر آتش کرنا تھا۔
پولیس نے مجسمہ ساز کا وضاحتی بیان ریکارڈ کرنے کے بعد اسے جانے کی اجازت دے دی۔
لکی مروت پولیس، سی ٹی ڈی اور امن کمیٹی نے تختی خیل کے علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا۔پولیس کے مطابق یہ کارروائی ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کی ہدایت پر کی گئی جس کے لیے بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ پولیس اور سی ٹی ڈی کی اضافی نفری روانہ کی گئی۔آپریشن کے دوران 2 دہشتگرد مارے گئے جب کہ کارروائی کے دوران 4 دہشتگردوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے زیر استعمال 2 موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ جاری مذاکرات میں مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے جبکہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے اصلاحاتی اقدامات کی تعریف بھی کی ہے۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ ہونے والے حالیہ مذاکرات کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں کہا ہے کہ دونوں فریقوں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں مثبت اور حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی ہے اور امکان ہے کہ آئندہ چند روز میں مشاورت کے اس عمل کو حتمی مرحلے تک پہنچا دیا جائے گا۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 25 فروری سے 11 مارچ تک جاری رہنے والے مذاکرات کے دوران مختلف معاشی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔عالمی مالیاتی ادارے نے اصلاحاتی اقدامات اور ماحولیات کے شعبے میں پاکستان کی پیش رفت کو قابلِ تعریف قرار دیا اور بتایا کہ فی الحال 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت اسٹاف لیول معاہدہ طے نہیں پا سکا۔
افغان طالبان اور فتنۃ الخوارج کے خلاف پاک افواج کا افغانستان میں آپریشن غضب للحق جاری ہے، ژوب میں دہشت گرد چیک پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ نکلے، آپریشن میں تاحال ہلاکتوں کی تعداد 641 ہوگئی، 855 زخمی اور 243 چیک پوسٹیں تباہ ہوچکی ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے پاک افغان سرحد پر ژوب سیکٹر میں افغان طالبان کی پوسٹ نمبر 2 اور 3 کو نشانہ بنایا۔پاک فوج کی بروقت اور بھرپور کارروائی سے بزدل افغان طالبان پوسٹیں اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔پاک فوج نے افغان طالبان کے زیرِ قبضہ پوزیشنوں سے روسی ساختہ 73 ملی میٹر HGL-9 ہیوی گرینیڈ لانچرز قبضے میں لے لیے گئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی طاقتور جوابی کارروائیاں بھارتی پراکسی افغان طالبان اور فتنۃ الخوارج کو بھاگنے پر مجبور کر رہی ہیں۔آپریشن غضب للحق جاری ہے اور اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔آپریشن کے حوالے سے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے تفصیلات جاری کی ہیں جس کے مطابق آج شام چار بجے تک مارے گئے دہشت گردوں کی تعداد 641 ہوگئی جب کہ 855 سے زائد زخمی ہیں۔آپریشن کے دوران اب تک 243 چیک پوسٹیں تباہ ہوچکی ہیں، 42 پوسٹیں قبضے میں لے کر تباہ کی گئیں، 219 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور توپیں تباہ ہوچکی ہیں، افغانستان میں 65 دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور معاون مقامات کو فضائی کارروائیوں میں مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔










