نامور پاکستانی اداکارہ حنا آفریدی نے میک اپ نہ کرنے کی وجہ بتادی۔ حنا آفریدی ایک ابھرتی ہوئی پاکستانی ماڈل اور ٹیلی ویژن اداکارہ ہیں جو اپنی شاندار اداکاری اور دلکش اسکرین موجودگی کی وجہ سے جانی جاتی ہیں۔ان کے نمایاں ڈراموں میں ’پہلی سی محبت‘، ’راجا رانی‘، ’کچا دھاگا‘، شامل ہیں اور اس وقت ناظرین ’غلام بادشاہ سندری‘ اور ’مرزا کی ہیر‘ میں ان کی اداکاری کو خوب سراہ رہے ہیں، جہاں وہ جذباتی اور مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں۔حنا آفریدی اپنی قدرتی طور پر صاف و شفاف جلد کی وجہ سے اسکرین پر کم سے کم میک اپ کرنے کے لیے بھی مشہور ہیں۔حال ہی میں وہ اپنے ڈرامہ سیریل ’مرزا کی ہیر‘ کی تشہیر کے سلسلے میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے بتایا کہ وہ کم یا بغیر میک اپ کے رہنا کیوں پسند کرتی ہیں۔حنا آفریدی کا کہنا تھا کہ میرا کردار ’ہیر‘ صرف ٹنٹ یا مسکارا استعمال کرتا ہے ، حالانکہ میں نے اپنی جلد پر میک اپ استعمال کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اچھا نہیں لگا۔انہوں نے بتایا کہکچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جن پر میک اپ برا لگتا ہے اور میں بھی انہی میں سے ایک ہوں۔اداکارہ نے انکشاف کیا کہ میری والدہ نے بھی مجھے کبھی میک اپ کرنے نہیں دیا، میں نے کیمرے کے لیے میک اپ آزمایا، مگر یہ مجھ پر سوٹ نہیں کیا لہذا میں صرف ٹنٹ، لائنر اور مسکارا استعمال کرتی ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ میں شاذ و نادر ہی فیشل کرواتی ہوں اور کنسیلر بھی استعمال نہیں کرتی، آج کل ہیوی میک اپ کا رجحان بھی نہیں رہا؛ لڑکیاں ہلکے میک اپ میں زیادہ خوبصورت لگتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے خاص طور پر اپنی پلکوں کو کرل کرنا پسند ہے، جو مجھ پر اچھا لگتا ہے، اور یہ میں نے اپنے بھائی شعیب سے سیکھا ہے۔

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے معروف کاروباری شخصیت مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کو سالگرہ کے موقع پر دل چھو لینے والا پیغام دے کر سب کی توجہ حاصل کر لی۔کنگ خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اننت امبانی کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ وہ اپنی مثبت سوچ اور اچھے کاموں کو اسی طرح جاری رکھیں اور لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے رہیں۔ شاہ رخ خان نے ان کے لیے اچھی صحت اور خوشیوں بھری زندگی کی دعا بھی کی۔شاہ رخ خان کا یہ پیغام سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا، جہاں مداحوں نے اداکار کے خوبصورت الفاظ کو بے حد سراہا اور دونوں کے درمیان قریبی تعلق کو بھی اجاگر کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان حال ہی میں اپنی فیملی کے ہمراہ سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے جام نگر پہنچے ہیں، جہاں اننت امبانی اپنی 31 ویں سالگرہ قریبی رشتے داروں اور شوبز شخصیات کے ساتھ منا رہے ہیں۔

پاکستانی ماڈل اور اداکارہ صحیفہ جبار خٹک ایک بار پھر اپنے متنازع بیان کی وجہ سے خبروں میں آگئی ہیں۔ ماضی میں بھی متنازع بیانات دینے والی صحیفہ اس بار بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں پر تنقید کرکے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ بیٹھی ہیں۔حال ہی میں ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کینیڈا منتقل ہونے کے اپنے تجربے پر بات کی۔ اس دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ بیرونِ ملک جانے کے بعد اکثر پاکستانی اپنے وطن کو کیوں یاد کرتے ہیں، تو انہوں نے اس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگ اس معاملے میں منافقت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔صحیفہ کا کہنا تھا کہ جب لوگ دوسرے ممالک میں رہتے ہیں تو وہاں کے قوانین اور طرزِ زندگی سے لطف اندوز ہوتے ہیں، لیکن پھر بھی پاکستان کو یاد کرنے کا اظہار کرتے ہیں، جو ان کے نزدیک تضاد ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے بیرونِ ملک زندگی اختیار کی ہے تو اسے اس حقیقت کو قبول کرنا چاہیے اور غیر ضروری شکایات سے گریز کرنا چاہیے۔اداکارہ نے مزید کہا کہ بعض افراد دراصل اپنے پرانے طرزِ زندگی، سہولیات اور گھریلو نظام کو یاد کرتے ہیں، جسے وہ وطن کی یاد کا نام دیتے ہیں، حالانکہ یہ سوچ درست نہیں۔صحیفہ جبار خٹک کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، جہاں کچھ لوگ ان کی بات سے اتفاق کر رہے ہیں تو کچھ اسے سخت اور غیر ضروری تنقید قرار دے رہے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کرانے کی خبر پر پاکستانی معروف شخصیات اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے۔
جب دنیا پر ایک بڑی تباہ کن جنگ کے بادل منڈلا رہے تھے، پاکستان کی اس سفارتی کامیابی نے فنکاروں کو حکومت اور عسکری قیادت کی تعریف کرنے پر مجبور کر دیا۔
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اس خبر نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی دنیا میں جہاں جنگ کی باتیں ہو رہی ہیں، ہم نے امن کا انتخاب کیا اور اس کی ثالثی کی، پاکستان زندہ باد۔
گلوکار فرحان سعید نے اسے خطے اور دنیا کے لیے “بڑا ریلیف” قرار دیتے ہوئے پاکستان کی سب سے بڑی سفارتی جیت قرار دیا۔
اداکار اعجاز اسلم نے کہا کہ پاکستان نے تاریخ رقم کر دی ہے اور مخالف فریقین کو ایک میز پر لا کر دنیا کی نظریں اسلام آباد پر جما دی ہیں۔ انہوں نے اس کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد پیش کی۔
ٹی وی میزبان شائستہ لودھی نے بھی ایران اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر دیکھنے کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے مسلح افواج اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اداکارہ میرا سیٹھی نے پاکستان کو عالمی امن کا ثالث قرار دیا، جبکہ ان کے ساتھی اداکار عدیل حسین نے بھی پاکستان کے امن پسند کردار پر فخر کا اظہار کیا۔
اداکارہ سجل علی نے پاکستانی پرچم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کاش امن ہمیشہ جنگ پر غالب رہے۔ سوشل میڈیا انفلوئنسر بلال حسن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیاست سے بالاتر ہو کر ملک کی اس کامیابی پر خوشی منائیں، جس پر اداکارہ درِ فشاں سلیم نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ اب رنویر سنگھ اپنی فلم میں اس کا کریڈٹ لینے کی کوشش کریں گے۔ جہاں زیادہ تر فنکار بین الاقوامی کامیابی پر بات کر رہے تھے، وہیں ماڈل شہزاد نور نے مقامی مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ‘آبنائے ہرمز’ تو کھلوا دی، اب کراچی کی ‘یونیورسٹی روڈ’ بھی کھلوادیں۔

پاکستانی اداکارہ وٹی وی میزبان فضا علی کے تیسرے شوہر کے حوالے سے تفصیلات سامنے آگئیں۔ پاکستان کی معروف ٹی وی میزبان فضا علی ماہ رمضان میں اپنے متنازع بیانات اور اسکرین پر متنازع لمحات کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خوب زیرِ بحث رہیں۔بعد ازاں، فضا علی نے اپنے شوہر اعجاز خان کو ایک فیملی عید فوٹو شوٹ کے ذریعے متعارف کرایا اور 41 برس کی عمر میں محبت ملنے پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔حال ہی میں اس معاملے پر مزید چرچا اس وقت ہوا جب ٹک ٹاکر اور میزبان روبی ملک نے ایک پوڈکاسٹ میں فضا علی کی شادی اور ان کے شوہر کے بارے میں تفصیلات بیان کیں۔روگرام کے دوران ٹک ٹاکر نے اداکارہ فضا علی کی اصل عمر کے حوالے سے بھی بات کی۔فضا علی کے شوہر اعجاز خان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے روبی ملک نے کہا کہ فضا علی نے 45 برس کی عمر میں شادی کی، اور یہ ان کی تیسری شادی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر برطانیہ میں شورومز کے مالک ہیں، وہ پہلے سے شادی شدہ ہیں اور ان کے 3 بچے بھی ہیں جب کہ فضا علی خود کو 41 سال کی بتاتی ہیں، تاہم ان کی اصل عمر 45 سے 48 سال کے درمیان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فضا علی کے شوہر پہلے گنجے تھے، اس لیے انہوں نے ہیئر ٹرانسپلانٹ کروایا تاکہ وہ بہتر نظر آئیں اور مبینہ طور پر فضا علی نے انہیں وزن کم کرنے کا بھی کہا تھا کیوں کہ بطور ماڈل فضا علی کو اسٹائلنگ کا اچھا شعور ہے، اسی لیے انہوں نے اپنے تیسرے شوہر کی شخصیت پر بھی کام کیا۔سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد روبی ملک کے عمر سے متعلق تبصروں کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے جب کہ بہت سے صارفین کا کہنا ہے کہ نکاح ایک سنت ہے اور فضا علی کے اس فیصلے کو سراہا جانا چاہیے۔

بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے اپنی نجی زندگی سے متعلق ایک پریشان کن واقعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کم عمری میں انہوں نے اپنی جعلی تصاویر ایک فحش ویب سائٹ پر دیکھیں، جس نے انہیں شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کردیا تھا۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران جھانوی کپور نے انکشاف کیا کہ یہ واقعہ ان کے اسکول کے زمانے میں پیش آیا، جب وہ آئی ٹی کلاس میں تھیں اور اسی دوران انہیں اپنی ایسی تصاویر نظر آئیں جو حقیقت میں ان کی نہیں تھیں بلکہ مصنوعی انداز میں تیار کی گئی تھیں۔اداکارہ کے مطابق یہ مواد دراصل ڈیپ فیک جیسا تھا، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا، مگر اس کے باوجود اس نے انہیں کم عمری میں ہی شہرت کے منفی پہلوؤں سے روشناس کرا دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تجربہ نہایت تکلیف دہ تھا اور اس نے ان کے ذہن پر گہرا اثر چھوڑا۔جھانوی کپور نے اس حوالے سے سوال بھی اٹھایا کہ کیا عوامی شخصیت بننے کی قیمت یہی ہے کہ ایسے غیر اخلاقی اور جعلی مواد کو برداشت کیا جائے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ آج بھی ان کی ایسی تصاویر اور ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جو مکمل طور پر جعلی ہیں، مگر بعض اوقات انہیں حقیقت سمجھ کر شیئر کیا جاتا ہے، یہاں تک کہ کچھ مستند پلیٹ فارمز بھی اس کا شکار ہو جاتے ہیں۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار علی رضا ایک نئے تنازع میں گھر گئے ہیں، جہاں سوشل میڈیا انفلوئنسر ماہ نور مرزا نے ان کے ساتھ اپنے مبینہ تعلقات سے متعلق حیران کن دعوے کیے ہیں۔ انکشافات کے بعد سوشل میڈیا پر اس معاملے نے خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔ماہ نور مرزا نے ایک نجی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اور علی رضا تقریباً پانچ ماہ تک قریبی تعلق میں رہے۔ ان کے مطابق یہ دوستی سوشل میڈیا سے شروع ہوئی، جو وقت کے ساتھ ذاتی ملاقاتوں اور مشترکہ تقریبات تک جا پہنچی۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران دونوں نہ صرف مسلسل رابطے میں رہے بلکہ مختلف ایونٹس میں بھی ایک ساتھ دکھائی دیتے تھے۔انفلوئنسر کے مطابق، یہ وہ وقت تھا جب علی رضا ایک ڈرامہ پروجیکٹ میں مصروف تھے اور ان کا رویہ نہایت خوشگوار اور مثبت تھا۔

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار راج کپور کی پشاور میں قائم حویلی کی دیوار کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کپور خاندان کی پشاور کے قصہ خوانی بازار میں قائم حویلی کو بارشوں اور زلزلے کے باعث نقصان پہنچا ہے۔
بارشوں کے بعد اب سے کچھ دیر پہلے آنے والے زلزلے کے باعث راج کپور کی حویلی کی دیوار کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا۔
حکومت کی جانب سے راج کپور حویلی کو قومی اثاثہ قرار دیا گیا ہے اور اس کی تحویل سرکار کے پاس ہی ہے۔

اداکارہ فضا علی کی تیسری شادی کے بعد اپنے شوہر کے ساتھ عوامی مقامات پر رومانوی ویڈیوز بنانے پر صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔ فضا علی ایک معروف ٹی وی میزبان اور سابق اداکارہ ہیں، جنہیں اپنے مقبول ڈراموں اور شوز کی بدولت شہرت حاصل ہوئی۔رواں رمضان المبارک کے دوران وہ اپنی رمضان ٹرانسمیشن کے متنازع کلپس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خاصی وائرل رہیں۔اس کے علاوہ فضا علی سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک رہتی ہیں اور اکثر اپنے ناقدین یا ساتھی فنکاروں کو جواب دیتی دکھائی دیتی ہیں جو ان کے شو کے انداز پر تنقید کرتے ہیں۔عیدالفطر کے موقع پر فضا علی نے انسٹاگرام پر اپنے شوہر اور بیٹی فرال کے ساتھ فیملی فوٹو شوٹ شیئر کرتے ہوئے اپنی تیسری شادی کا اعلان کیا۔اس کے بعد سے وہ اکثر اپنے شوہر کے ساتھ رومانوی ویڈیوز اور تصاویر بھی شیئر کرتی رہتی ہیں۔حال ہی میں فضا علی کی ایک دوست نے پارک میں ان کے ساتھ بنائی گئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی، جس میں فضا علی اپنے شوہر کے ساتھ رومانوی انداز میں مصروف نظر آتی ہیں جب کہ دوست کو نظر انداز کر رہی ہیں۔ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا ’ میں سکون کے لیے پارک گیا تھا لیکن یہ سب دیکھنا پڑا‘۔ یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فضا علی پر شدید تنقید کی جا رہی ہے جب کہ کئی صارفین نے ان کے اس انداز کو سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا۔ایک صارف نے لکھا کہ وہ اب اپنے دل کی خواہشات ظاہر کر رہی ہیں، جب کہ دوسرے نے کہا کہ فضا علی حد سے گزر چکی ہیں۔ایک صارف نے تو یہاں تک لکھ دیا کہ یہ کرائے کا شوہر لگتا ہے، جب کہ دیگر نے بھی مختلف انداز میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے رویے عارضی توجہ حاصل کرنے کے لیے ہوتے ہیں۔کئی صارفین نے یہ نکتہ بھی اٹھایا کہ فزا علی خود دوسروں کو عوامی مقامات پر رومانوی حرکات سے منع کرتی رہی ہیں، مگر اب وہ خود اسی طرزِ عمل کا مظاہرہ کر رہی ہیں

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز توہین آمیز فحش مواد سے متعلق رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کردی۔قومی اسمبلی میں این سی سی آئی اے کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا ٹک ٹاک پر توہین آمیز فحش مواد کی روک تھام کیلئے اقدامات جاری ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال سائبر ہراسگی پر545، نفرت انگیز تقریروں پر 322، جعلی معلومات دینے پر 187،بچوں سے زیادتی پر 58 مقدمات کا اندراج کیا گیا ۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 360 خواتین 110مرد سائبر ہراسمنٹ کا شکار ہوئیں جبکہ نفرت انگیز تقاریر پر 42 خواتین،273مرد متاثر ہوئے، اسی کے ساتھ غلط معلومات کی فراہمی سے 21 خواتی ن180 مرد متاثر ہوئے۔این سی سی آئی اے نے رپورٹ میں بتایا کہ توہین آمیز مواد پر 600 سے زائد یو آر ایلز بلاک کیے گئے جبکہ 435 شکایات درج کی گئی جن میں سے 98 کی انکوائریز اور 42 مقدمات درج ہوئے جبکہ توہین آمیز فحش مواد پر 73 افراد کو گرفتار کیا گیا، عدالتوں میں 3 افراد کو سزائیں دی۔پی ٹی اے نے بتایا کہ ایک سال کے دوران 15 لاکھ غیر قانونی یو آر ایلز کے خلاف کاروائی کی، 65 لاکھ فحش مواد کی ڈومینز کوڈبلیو ایم ایس کے ذریعے بلاک کیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایچ ٹی ٹی پی ایس ویب سائٹس کو مکمل بلاک کرنے کے لیے ڈبلیو ایم ایس سسٹم فعال کردیا گیا ہے