Blog
ملک بھر میں آج یوم دفاع منایا جا رہا ہے صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی

وطن عزیز کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں آج یوم دفاع و شہداء ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ملک بھر کی مساجد میں فجر کی نماز کے بعد 6 ستمبر کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں گئیں۔6 ستمبر پاکستانی قوم کے لیے بہادری، اتحاد، عزم اور وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کی علامت ہے۔ 6 ستمبر 1965ء کی جنگ قومی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے، جب پاک افواج نے پوری قوم کی حمایت سے دشمن کے عزائم ناکام بناتے ہوئے جرات و شجاعت کی نئی تاریخ رقم کی۔یومِ دفاع و شہداء ارضِ پاک کی سرحدوں کے بے باک محافظوں، غازیوں اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔قوم اس عزم کی تجدید کرتی ہے کہ وطن کی سالمیت اور خودمختاری کے خلاف اٹھنے والی ہر ناپاک نظر اور سازش کے سامنے پوری قوم متحد ہو کر سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگی۔قوم کا کہنا ہے کہ شہداء کے بے مثال ایثار اور غازیوں کے جرات مندانہ عزم کی بدولت پاکستان کا چمن امن و سلامتی کا گہوارہ ہے، جبکہ سرحدوں پر مامور جوانوں کی وطن سے محبت اور عوام کی مخلصانہ کوششوں سے سبز ہلالی پرچم عالمی افق پر سربلند ہے۔