Blog
اے ایم سی طلباء گروپوں میں تصادم،4 طلبہ زخمی کالج کی بندش کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری

ویب ڈیسک: ایوب میڈیکل کالج میں طلباء گروپوں کے درمیان تصادم کے دوران 4 طلباء زخمی ہوگئے، جبکہ کشیدہ صورتحال کے باعث کالج کو تاحکمِ ثانی بند کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق طلباء گروپوں میں کسی معاملے پر تلخ کلامی کے بعد تصادم تک بات جا پہنچی ، جس کے نتیجے میں 4 طلباء زخمی ہوئے۔تصادم میں زخمی ہونے والے طلباء کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی کالج سیکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔ذرائع کے مطابق تصادم کے بعد پولیس کی جانب سے پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا، کشیدہ صورتحال کے پیش نظر کالج کے ہاسٹل طلباء سے خالی کرانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کے لیے انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔واقعے کے بعد ایوب میڈیکل کالج کے ڈین نے ادارہ تاحکمِ ثانی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کالج کی بندش کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق کالج میں معمول کی تعلیمی سرگرمیاں کب بحال ہوں گی، اس حوالے سے آئندہ انتظامیہ کی جانب سے فیصلہ کیا جائے گا۔