Blog
بجلی کے ٹرانسفارمز کو آن آف کرنے کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ ٹرانسفارمر آن آف کرنے کا نظام دنیا میں استعمال ہورہا ہے،اویس لغاری

اویس لغاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نئے نظام کے بعد پورے فیڈر کو بند کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی، جس ٹرانسفارمر پر بجلی چوری ہوگی صرف اسی کو بند کیا جاسکے گا۔وزیر توانائی نے کہا کہ ٹرانسفارمر آن آف کرنے کا نظام دنیا بھر میں استعمال ہونے والا نیا کانسپٹ ہے، اگلے سال اپریل مئی تک نئے نظام کا ریگولیٹری فریم ورک دے دیا جائے گا۔اویس لغاری نے کہا کہ ملک میں بجلی کی کوئی اضافی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی، نیٹ میٹرنگ سسٹم میں تبدیلی کے بعد لوگوں نے بیٹریاں لگانا شروع کردی ہیں، تین چار لاکھ افراد کا بوجھ باقی ساڑھے تین کروڑ صارفین پر منتقل ہونے سے روکا ہے۔قبل ازیں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس محمد ادریس کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ مون سون میں 8 اضلاع میں 150 ٹرانسفارمرز فراہم کیے گئے ہیں۔وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ ہماری ڈسکوز نے آج تک سسٹم پر سرمایہ کاری نہیں کی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ڈسکوز کی بہتری کے لیے پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ ہمارے پاس 14 ہزار فیڈرز ہیں، ساڑھے تین ہزار فیڈرز پر چوری کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ہے، جبکہ ڈسکوز کو لوڈشیڈنگ کی جتنی اجازت ہے اس سے کئی سو گنا لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔اویس لغاری نے کہا کہ انفراسٹرکچر مضبوط بنانے کے لیے سرمایہ کاری کی ہدایت کی ہے۔ ہم فیڈر کے بجائے اب ٹرانسفارمر سے بجلی بند کریں گے، تاہم پورے فیڈر کے بجائے اسی ٹرانسفارمر پر لوڈشیڈنگ ہوگی۔ ہم فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کے بجائے ٹرانسفارمر لیول پر لے کر جارہے ہیں۔ لائن مین اور ایس ڈی او کو رشوت دے کر لوڈ کم لکھوایا جاتا ہے۔