Pakistan

عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو ادویات اور کپڑوں کی فراہمی پر لاہور ہائیکورٹ کے ریمارکس، رپورٹ طلب

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو جیل میں ادویات، کپڑوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق رپورٹ طلب کرلی، جبکہ کیس کی مزید سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔
جسٹس عبہر گل خان نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظر بندی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ کو کپڑے اور ادویات دی گئیں، لیکن باہر جا کر کہا کہ کچھ نہیں دیا گیا۔
درخواست گزار کے وکیل رانا مدثر عمر نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم پر بنیادی ضروریات فراہم کی گئی تھیں اور نورین نیازی و عظمیٰ خان کو ادویات، کپڑے اور کتابیں دینے کی درخواست کی گئی ہے۔ وکیل نے کہا کہ 19 روز گزرنے کے باوجود مطلوبہ اشیاء فراہم نہیں کی گئیں۔
عدالت نے ہدایت کی کہ مطلوبہ اشیاء کی فہرست تحریری طور پر فراہم کی جائے تاکہ اسی کے مطابق حکم جاری کیا جاسکے۔ عدالت نے کھانے پینے کی اشیاء کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے متعلقہ درخواستوں پر رپورٹ طلب کرلی۔ بعد ازاں نظر بندی کے خلاف درخواستوں پر کارروائی 12 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *