Pakistan

بیمار ہتھنی کے علاج کے لیے غیر ملکی ماہرین کراچی پہنچ گئے

کراچی کے سفاری پارک میں بیمار ہتھنی مدھوبالا کی طبی حالت کا جائزہ لینے اور علاج میں مدد کے لیے غیر ملکی ماہرین کی ٹیم پہنچ گئی ہے۔ ماہرین ہتھنی کا معائنہ کرنے کے ساتھ اس کے خون کے نمونے بھی حاصل کریں گے تاکہ اس کی صحت سے متعلق مزید معلومات سامنے آسکیں۔
فورپاز کی ٹیم ڈاکٹر عامر خلیل کی سربراہی میں سفاری پارک پہنچی، جہاں سری لنکن ڈاکٹر بدیکا بھی موجود ہیں۔ غیر ملکی ماہرین گزشتہ کئی ہفتوں سے آن لائن رابطوں کے ذریعے مدھوبالا کے علاج کے حوالے سے رہنمائی فراہم کر رہے تھے۔
ڈاکٹر عامر خلیل کے مطابق مدھوبالا کی صحت یابی کی امید موجود ہے، تاہم اسے بہتر علاج اور خصوصی دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فی الحال توجہ ہتھنی کی موجودہ طبی حالت کو سمجھنے اور اس کی مدد کرنے پر مرکوز ہے، جبکہ صحت یابی کے مستقبل کے بارے میں ابھی حتمی رائے نہیں دی جا سکتی۔
ذرائع کے مطابق مدھوبالا گزشتہ سال سے مختلف بیماریوں کا شکار ہے اور مسلسل علالت کے باعث اس کی صحت متاثر ہوئی ہے۔ کمزوری کی وجہ سے وہ خود کھڑی ہونے سے بھی قاصر ہے، جبکہ گزشتہ ماہ سے اسے طاقت بحال کرنے کے لیے ملٹی وٹامن ادویات دی جا رہی ہیں۔
ڈاکٹر عامر خلیل کا کہنا ہے کہ مدھوبالا کے خود کھڑے ہونے اور چلنے پھرنے کے قابل ہونے کے بعد ہی علاج کے اگلے مرحلے کا فیصلہ کیا جا سکے گا۔ ہتھنی کی بہن ملکہ بھی اس کا خیال رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق مدھوبالا کی صحت بہتر بنانے کے لیے پاکستانی اور غیر ملکی ٹیموں کی مشترکہ کوششیں اور مسلسل نگہداشت ضروری ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *