Blog
مارخور نیلامی خیبرپختونخوا میں چار پرمٹس کی نیلامی سے 33 کروڑ روپے سے زائد آمدن۔

خیبرپختونخوا حکومت نے مارخور ٹرافی ہنٹنگ کے چار پرمٹس کی نیلامی سے 33 کروڑ روپے سے زائد ریونیو حاصل کرلیا۔ چترال اور کوہستان کی مختلف ویلیج کنزرویشن کمیٹیوں کے لیے نیلام کیے گئے ان پرمٹس کی مجموعی بولی 12 لاکھ 11 ہزار 800 امریکی ڈالر رہی، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 33 کروڑ 56 لاکھ 85 ہزار روپے بنتی ہے۔
مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹس کی نیلامی چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف خیبرپختونخوا ڈاکٹر محسن فاروقی کی زیر صدارت ہوئی۔ نیلامی میں سب سے زیادہ بولی چترال کے توشی ٹو پرمٹ کی لگی، جو 3 لاکھ 35 ہزار 600 ڈالر، یعنی تقریباً 9 کروڑ 29 لاکھ 65 ہزار روپے میں نیلام ہوا۔
توشی ون کا پرمٹ 3 لاکھ 20 ہزار 600 ڈالر میں فروخت ہوا، جس کی پاکستانی مالیت تقریباً 8 کروڑ 88 لاکھ روپے بنتی ہے۔ اسی طرح گہریت گول کے پرمٹ کی بولی 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر، جبکہ کائیگاہ کھوار کے پرمٹ کی بولی 2 لاکھ 95 ہزار 600 ڈالر رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق توشی ٹو کے پرمٹ کی بولی گزشتہ سال کی سب سے زیادہ بولی سے بھی بڑھ گئی۔ گزشتہ سال مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹ کی سب سے زیادہ بولی 2 لاکھ 72 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ رواں نیلامی میں یہ رقم بڑھ کر 3 لاکھ 35 ہزار 600 ڈالر تک پہنچ گئی۔
حکومتی منصوبے کے تحت نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدن کا 80 فیصد حصہ مقامی آبادی کی فلاح و بہبود اور جنگلی حیات کے تحفظ پر خرچ کیا جائے گا، جبکہ باقی 20 فیصد رقم سرکاری خزانے میں جمع ہوگی۔ حکام کے مطابق اس طریقۂ کار کے ذریعے مقامی کمیونٹیز کو مالی فوائد پہنچانے کے ساتھ مارخور اور اس کے قدرتی مسکن کے تحفظ میں بھی مدد مل سکتی ہے۔