Blog
ایپکس کمیٹی اجلاس خیبرپختونخوا میں امن بحالی اور سیکورٹی اداروں کی استعدادکار بڑھانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: ایپکس کمیٹی اجلاس میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہےکہ خیبرپختونخوا میں امن بحالی اور سیکورٹی اداروں کی استعداد کار بڑھانا ترجیح ہے، صوبے کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی اجلاس میں خیبر پختونخوا کی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خاتمے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافے اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شرکت کی۔ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بحالی کے لیے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں، صوبے کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، اس لیے تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے معاملات کو احسن انداز میں چلانا حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے، خیبر پختونخوا کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی کے نتائج واضح طور پر سامنے آنے چاہییں۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا، ان کے مطابق پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی کی ضروریات سے متعلق مطالبات پورے کر دیے گئے ہیں۔گورنر نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں پر سمجھوتہ کیا جا سکتا ہے، لیکن سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کے لیے پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کو ضروری وسائل فراہم کرنا اہم ہے۔گورنر نے کہا کہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، لیکن امن و امان کی بہتر صورتحال کے بغیر ان وسائل اور دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا مشکل ہے۔ان کے مطابق امن کی بحالی سے ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور صوبے کی معاشی صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔