Blog
گورنر متحرک گندم انکوائری، تجاوزات کےخلاف آپریشن کا اعلان

ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کوہاٹ روڈ پشاور پر تجاوزات کےخلاف آپریشن کا معائنہ کرنے خود پہنچ گئے، جہاں ضلعی انتظامیہ پشاور اور پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے حکام نے انہیں کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی۔گورنر نے اعلان کیا کہ پشاور سمیت پورے صوبے میں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے مہم جاری رکھی جائے گی اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔فیصل کریم نے تجاوزات کےخلاف مہم شروع کرنے پر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جن افراد نے تجاوزات قائم کر رکھی ہیں، وہ رضاکارانہ طور پر انہیں ہٹا دیں، ان کے مطابق اگر تجاوزات کے خاتمے کے بعد دوبارہ غیر قانونی قبضے یا تجاوزات قائم ہوئیں تو متعلقہ حکام کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔گورنر خیبرپختونخوا نے کوہاٹ روڈ پر تجاوزات کےخلاف آپریشن کا جائزہ لیا، گورنر نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات قائم کرنے والا شخص کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔گورنر نے بتایا کہ صوبے میں صفائی مہم بھی شروع کی گئی ہے، جبکہ شہری ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ان کے مطابق ٹریفک قوانین کو بہتر بنانے پر کام ہوگا تاکہ شہر میں آمدورفت کو منظم کیا جاسکے۔ تجاوزات کے خاتمے اور صفائی مہم کو شہری انتظام کے مسائل حل کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔فیصل کریم نے گندم کے معاملے پر انکوائری کا حکم دینے کا بھی بتایا، ان کے مطابق اس معاملے کی رپورٹ ایک ہفتے کے اندر تیار کرکے عوام کے سامنے پیش کی جائے گی، جبکہ انکوائری کے نتائج سامنے آنے کے بعد معاملے سے متعلق مزید تفصیلات واضح ہوں گی