Pakistan

نیا یونیفارم پی آئی اے کے نئے یونیفارم کے لیے معروف ڈیزائنر حسن شہریار یاسین کا انتخاب

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنے نئے یونیفارم کی تیاری کے لیے معروف فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین کا انتخاب کر لیا ہے۔ نئے یونیفارمز کو ایئرلائن کی جدت اور سروس میں بہتری کے منصوبے کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق گزشتہ ماہ کراچی میں ملک کے معروف فیشن ڈیزائنرز کو نئے یونیفارم ڈیزائن کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ پیش کردہ ڈیزائنز میں سے جدت، معیار اور پاکستان کے ثقافتی ورثے کی عکاسی کو مدنظر رکھتے ہوئے حسن شہریار یاسین کے ڈیزائن کا انتخاب کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق نئے یونیفارمز کی رونمائی پی آئی اے کے نئے بوئنگ 787 طیارے کی پہلی پرواز کے موقع پر کی جائے گی۔ یہ پرواز 31 اکتوبر کو لندن سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگی، جس میں نئے یونیفارم میں ملبوس عملہ مسافروں کا استقبال کرے گا۔
پی آئی اے کی انتظامیہ مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف تبدیلیوں پر بھی کام کر رہی ہے۔ ان اقدامات میں جدید سہولیات سے آراستہ طیاروں کی شمولیت، پہلے سے موجود جہازوں کی نشستوں اور کیبن کی بہتری، عملے کی تیاری اور کھانے کے مینو میں تبدیلیاں شامل ہیں۔
پی آئی اے کے نئے یونیفارمز کو ایئرلائن کی شناخت کو جدید انداز میں پیش کرنے اور پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کی کوشش کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *