World

حنیف کو سزائے موت بنگلادیش میں طلبہ تحریک کے دوران 6 افراد کے قتل کا جرم ثابت، تین دیگر رہنماؤں کو عمر قید

بنگلادیش میں عوامی لیگ کے جوائنٹ جنرل سیکریٹری محبوب العالم حنیف کو جولائی 2024 کی طلبہ تحریک کے دوران کُشتیہ میں 6 افراد کے قتل کے مقدمے میں سزائے موت سنا دی گئی، جبکہ اسی کیس میں عوامی لیگ کے تین دیگر رہنماؤں کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق فیصلہ انسانیت کے خلاف جرائم سے متعلق مقدمات کی سماعت کرنے والے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل 2 کے تین رکنی بینچ نے جمعرات کو سنایا۔ سزا پانے والے چاروں رہنما اس وقت مفرور ہیں۔
عدالت نے چاروں رہنماؤں کی غیر منقولہ جائیداد کا نصف حصہ ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ جائیداد فروخت کرکے حاصل ہونے والی رقم جولائی 2024 کی تحریک کے دوران جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں معاوضے کے طور پر تقسیم کی جائے گی۔
عمر قید پانے والوں میں کُشتیہ عوامی لیگ کے مقامی صدر صدرالدین خان، ضلعی جنرل سیکریٹری اصغر علی اور سٹی جنرل سیکریٹری عطاء الرحمان عطاء شامل ہیں۔
استغاثہ کے مطابق محبوب العالم حنیف نے مظاہرین کے خلاف تشدد پر اکسانے اور تحریک کو کچلنے کے لیے طاقت کے استعمال کی ہدایات دینے میں کردار ادا کیا۔ پراسیکیوشن کا الزام تھا کہ 5 اگست 2024 کو کُشتیہ میں مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
یہ مقدمہ جولائی 2024 میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے خلاف طلبہ تحریک کے دوران پیش آنے والے واقعات سے متعلق ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *