Pakistan

ایمل ولی ریڈ لائن کوئی غلط فہمی میں نہ رہے: میاں افتخارحسین

عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ سینیٹر ایمل ولی خان اور ولی باغ پارٹی کی ریڈ لائن ہیں، اس حوالے سے کوئی بھی غلط فہمی میں نہ رہے۔باچا خان مرکز پشاور میں صوبائی کابینہ کے اراکین اور دیگر پارٹی ذمہ داران سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ قوم کے امن، حقوق اور اختیار کی جدوجہد میں عوامی نیشنل پارٹی اپنے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان کی قیادت میں متحد ہے اور کسی بھی دبا یا غیر آئینی ہتھکنڈے کے سامنے سر نہیں جھکائے گی۔انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی قوم کی سو سالہ جدوجہد کی تاریخ کی امین ہے، قومی تحریک کے خلاف غیر آئینی اور غیر جمہوری اقدامات کوئی نئی بات نہیں، پارٹی ماضی میں بھی ایسے ہتھکنڈوں سے خوفزدہ نہیں ہوئی اور آئندہ بھی نہیں ہوگی۔انہوں نے واضح کیا کہ ولی باغ کی حرمت اور سینیٹر ایمل ولی خان کے حوالے سے کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔میاں افتخار حسین نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی غیر مصدقہ افواہ، جھوٹے پیغام یا غیر ذمہ دارانہ بیان پر یقین نہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو بعد میں پارٹی یا قومی تحریک کے لیے پیچیدگیوں کا باعث بن سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پارٹی آئین اور نظم و ضبط کی پابندی ہر عہدیدار اور کارکن پر لازم ہے۔اے این پی کے صوبائی صدر نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی عدم تشدد کی پیروکار ہے اور تصادم یا تشدد کے حق میں نہیں، موجودہ صورتحال میں پارٹی ذمہ داران اور کارکنان صبر و تحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور ذمہ داری، نظم و ضبط اور سیاسی شعور کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جدوجہد قوم کے امن، حقوق اور اختیار کے لیے ہے، جسے ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *