Blog
ایچ آئی وی پازیٹو مریض کی سرجری کے بعد عام مریضوں میں تشویش

نشتر ہسپتال کے شعبہ سرجری کے آپریشن تھیٹر میں ایچ آئی وی پازیٹو مریض کی مبینہ سرجری کے معاملے نے تشویش پیدا کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق مریض کا چارٹ بعد ازاں سامنے آیا جس میں اس کے ایچ آئی وی پازیٹو ہونے کی تصدیق درج تھی۔تفصیلات کے مطابق مریض کی سرجری منگل کی دوپہر 12 بجے جنرل آپریشن تھیٹر میں شروع ہوئی تھی جسے طبی اصطلاح میں کولوسٹومی ریورسل قرار دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مریض کی ایچ آئی وی سے متعلق رپورٹ سرجری سے قبل موصول نہیں ہوئی تھی اور بعد میں رپورٹ آنے پر اس کے ایچ آئی وی پازیٹو ہونے کی تصدیق ہوئی۔ذرائع کے مطابق اسی دوران آپریشن تھیٹر میں دیگر مریضوں کی سرجریاں بھی جاری رہیں جس پر طبی حلقوں میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کسی ایچ آئی وی پازیٹو مریض سے وائرس منتقلی کا خدشہ پیدا ہو تو اس کے اثرات بعض اوقات دو سے تین ہفتوں بعد ظاہر ہو سکتے ہیں۔نشتر ہسپتال انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق اس دوران آپریشن تھیٹر میں سرجری کروانے والے مریضوں اور عملے کی بھی آئندہ دو سے تین ہفتوں بعد اسکریننگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال کا بروقت پتہ چلایا جا سکے