Blog
سوات: شہید 5 پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا شہداء کی میتیں تدفین کے لیے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔

کبل میں خودکش حملے میں شہید ہونے والے 5 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
پولیس ٹریننگ اسکول سوات میں ہونے والی تقریب میں شہداء کو سلامی پیش کی گئی جبکہ نمازِ جنازہ میں اعلیٰ پولیس حکام، سول انتظامیہ، پاک فوج کے افسران، صوبائی وزیر اور شہداء کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
پولیس کے چاق و چوبند دستے نے اے ایس آئی ہاشم خان سمیت پانچوں شہداء کو سلامی پیش کی ان کی میتوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور ملکی سلامتی کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کی میتیں تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں جہاں انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔ترجمان سوات پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور کا ہدف تھانہ اور پولیس لائن کے اندر داخل ہونا تھا تاہم ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے مرکزی گیٹ پر ہی روک لیا۔
ترجمان نے بتایا کہ حملہ آور نے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار اور 9 شہری شہید ہوئے۔
پولیس کے مطابق اہلکاروں کی جرات اور بروقت مزاحمت کے باعث حملہ آور اپنے اصل ہدف تک نہ پہنچ سکا، جس سے ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا گیا