Blog
کرکٹر حمزہ نذر پر 2 سال کی پابندی ، 10 لاکھ جرمانہ عائد تادیبی کارروائی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے بعد کی گئی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر 2 سال کی پابندی اور 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔پی سی بی کے مطابق حمزہ نذر پر تمام ڈومیسٹک اور بین الاقوامی سرگرمیوں میں شرکت پر 2 سال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔پی سی بی کا کہنا ہےکہ حمزہ نذر کے خلاف تادیبی کارروائی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے بعد کی گئی، انکوائری ویزا درخواست کے دوران فراہم کردہ معلومات کے حوالے سے کی گئی۔پی سی بی نے کہا ہے کہ حمزہ نذر نے مکمل اور درست معلومات فراہم نہیں کیں، انہوں نے گمراہ کن معلومات دیں اور درخواست کے لیے اہم حقائق کو چھپایا، معاملے کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی بنائی گئی اور حمزہ نذر کو مؤقف پیش کرنے موقع فراہم کیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی سی بی غلط بیانی، حقائق چھپانے اور گمراہ کن معلومات فراہم کرنے کو سنجیدگی سے لیتا ہے، کسی بھی فرد کو بورڈ، پاکستان کرکٹ اور شائقین کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی