تفصیلات کے مطابق ترجمان مذہبی امور کا کہنا ہے کہ عازمین حج کے ویزوں کے اجرا کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ حج پروازوں کا شیڈول عیدالفطر کے بعد جاری کیا جائے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مکہ اور مدینہ منورہ میں رہائشوں سمیت دیگر انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا عازمین حج افواہوں اور غیر مصدقہ خبروں پر کان نہ دھریں۔ حج 2026 کے انتظامات بروقت مکمل کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ حج سے متعلق مستند معلومات صرف سرکاری اعلانات، ویب سائٹ اور پاک حج ایپ سے حاصل کریں

ڈی پی او کوہاٹ شہباز الٰہی کے مطابق نواحی علاقے لاچی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور سی ٹی ڈی نے کارروائی کی، پولیس کی نفری موقع پر پہنچی تو دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی۔
ڈی پی او شہباز الٰہی کا بتانا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لکی مروت میں بھی سکیورٹی فورسز نے آپریشن کر کے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق معروف میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین مرحوم کی سابقہ اہلیہ دانیہ شاہ سے شادی کرکے توجہ حاصل کرنے والے حکیم شہزاد نے مبینہ طور پر نویں جماعت کی طالبہ سے اپنی پانچویں شادی کرکے ایک بار پھر سب کی توجہ حاصل کرلی ہے۔رپورٹس کے مطابق حکیم شہزاد اس سے قبل بھی اپنی متعدد شادیوں کی وجہ سے خبروں کی زینت بنتے رہے ہیں۔ چند سال پہلے انہوں نے عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ دانیہ شاہ سے شادی کی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکیم شہزاد اب تک مجموعی طور پر پانچ شادیاں کر چکے ہیں۔ ان کی پہلی اہلیہ کا انتقال ہو چکا ہے جبکہ اس وقت وہ چار بیویوں کے شوہر ہیں۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر اور معلومات کے بعد صارفین کی جانب سے اس معاملے پر بحث شروع ہو گئی، کئی افراد نے کم عمر لڑکی سے شادی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جبکہ کچھ لوگوں نے اس معاملے کے قانونی اور سماجی پہلوؤں پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔
تاحال حکیم شہزاد کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

سرکاری اور حکومتی سرپرستی میں خود مختار اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں سے 5 سے 30 فیصد تک کٹوتی ہوگی، ملازمین کی تنخواہوں سے بتدریج کٹوتی کو عوامی ریلیف کے لیے استعمال کیا جائے گا۔وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء عطاء اللّٰہ تارڑ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اثر اور حکومتی بچت اقدامات کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران وزیرِاعظم شہباز شریف کو حکومت کی جانب سے نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی اور ٹیلی کانفرنسنگ اور آن لائن میٹنگز کو ترجیح دینے کے فیصلے کے اطلاق پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آئندہ 2 ماہ کے لیے وزراء، مشیران اور معاونِ خصوصی کی تنخواہوں کو بھی بچت کے طور پر عوامی فلاح کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی کے بیرونی ملک دوروں پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری افسران، وزراء، وزرائے مملکت اور معاون خصوصی کے بیرونی دوروں پر مکمل پابندی عائد رہے گی، کفایت شعاری کے احکامات و اقدامات پر عملدرآمد اور نگرانی متعلقہ سیکریٹریز خود کریں گے، سیکریٹریز روزانہ کی بنیاد پر جائزہ کمیٹی کو رپورٹ پیش کریں گے۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کارپوریشنز اور دیگر اداروں میں حکومتی نمائندے بورڈ اجلاس میں شرکت کی فیس نہیں لیں گے، اس فیس کو بچت کی رقم میں شامل کیا جائے گا۔اسی طرح قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایف بی آر پر ہفتہ وار چار دنوں کا اطلاق نہیں ہوگا، ان اداروں کے ملازمین اپنے پرانے طریقۂ کار کے مطابق فرائض سرانجام دیں گے۔حکومتی اعلامیے کے مطابق وزیرِاعظم نے تمام پاکستانی سفارتخانوں کو 23 مارچ کی تقریبات انتہائی سادگی سے منانے کی ہدایت کی ہے۔اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق آئندہ دو ماہ تمام محکموں کی سرکاری گاڑیوں کو ملنے والے تیل میں 50 فیصد کٹوتی ہوگی، سرکاری گاڑیوں کے 60 فیصد گراؤنڈ کیے جانے کے فیصلے پر عملدرآمد کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے گا۔

چین کے وزیرخارجہ وانگ یی نےکہا ہےکہ افغانستان اور پاکستان کےدرمیان موجود مسائل صرف مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے ہی حل کیے جاسکتے ہیں،طاقت کے استعمال سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔
وانگ یی نےیہ بات افغان وزیرخارجہ امیرخان متقی سےٹیلی فون پرگفتگو کے دوران کہی،یہ رابطہ افغان وزیرخارجہ کی درخواست پرکیا گیا،دونوں رہنماؤں نے ایران کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وانگ یی کا کہنا تھا کہ طاقت کے استعمال سے دونوں ممالک کے درمیان اختلافات مزید بڑھ سکتے ہیں جو نہ صرف دونوں ممالک کے لیے نقصان دہ ہوگا بلکہ خطے کے امن اور استحکام کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔
گفتگو کے دوران افغان وزیرخارجہ امیرخان متقی نےافغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے چین کی سفارتی کوششوں کو سراہا،کہاافغان عوام طویل جنگوں سے بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور اب امن اور ترقی کے مواقع کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،افغانستان خطے میں بدامنی نہیں بلکہ امن کا ذریعہ بننا چاہتا ہے،

وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کےمطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 321 روپے 17 پیسے پر برقرار رکھی گئی ہے۔اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر کی موجودہ قیمت پر ہی فروخت کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتوں کے رجحان اور ملکی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے آپریشن غضب للحق کے تحت 12 اور 13 مارچ کی شب قندھار ایئر فیلڈ کی آئل سٹوریج سائٹس کو مؤثر حملوں کے ذریعے تباہ کر دیا ہے۔
اس حوالے سے دستیاب ویڈیو میں حملوں سے پہلے اور بعد کے مناظر واضح طور پر دکھائے گئے ہیں، جن سے کارروائی کی شدت اور مؤثر نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ آئل اسٹوریج سائٹس افغان طالبان اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں اپنی مذموم کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہی تھیں۔
پاک فوج مؤثر اور طاقتور کارروائیوں کے ذریعے افغان طالبان اور فتنۃ الخوارج کے دہشت گرد ٹھکانوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا رہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہناہے کہ آپریشن غضب للحق کے تحت کارروائیاں اہداف کے حصول تک جاری رہیں گی۔ فوج اپنی تمام تر استعداد کے ساتھ دہشتگردی کے خلاف اقدامات کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا عالمی منڈی میں تیل کی مزید قیمتیں بڑھنے کے باوجود عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق اس مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم نے ہفتہ وار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے یا ردوبدل کی سمری موصول ہونے پر اپنا بیان جاری کیا اور کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھی ہیں مگر اس بار عام آدمی کا بوجھ کم کرنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔وزیراعظم نے کہا کہ اپنے وعدے کے مطابق جتنا ممکن ہوسکا ان مشکل حالات میں عوام تک ریلیف پہنچائیں گے، خطے میں کشیدگی کی وجہ سے عالمی معیشت اس وقت دباؤ میں ہے جسکے پاکستان کی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بروقت پالیسی سازی، حکومت کی جانب سے بچت کے اقدامات اور مالی نظم و ضبط کی بدولت اس صورتحال سے احسن طور سے انسانی حد تک نمٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے، بطور خادم پاکستان ان مشکل حالات میں غریب آدمی پر بوجھ کم کرنےکیلئے اس ملک کی اشرافیہ اور حکومت سے شروعات کا عزم کیا۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے نئے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای اس وقت زخمی اور منظرِ عام سے غائب ہو کر چھپتے پھر رہے ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے پینٹاگون میں صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔انھوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایرانی سرکاری ٹی وی پر مجتبیٰ خامنہ ای کا ایک تحریری بیان پڑھ کر سنایا گیا تھا تاہم اس کے ساتھ کوئی ویڈیو یا آڈیو جاری نہیں کی گئی۔وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے صحافیوں کے سامنے یہ سوال اٹھایا کہ ایسا کیوں ہوا ؟ اور خود ہی جواب دیا کہ میرا خیال ہے آپ سب جانتے ہیں، ایسا کیوں ہوا۔پیٹ ہیگستھ کے بقول نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اس وقت خوف زدہ اور زخمی ہیں اور منظر عام پر آنے سے گریز کر رہے ہیں۔امریکی وزیر دفاع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حالیہ دنوں میں ایران کے میزائل حملوں میں تقریباً 90 فیصد کمی آ چکی ہے جبکہ ایران کی جانب سے کیے جانے والے یکطرفہ حملہ آور ڈرونز میں 95 فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے تمام تعلیمی اداروں میں 13 مارچ کو عام تعطیل کا اعلان کردیا۔ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن نے تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے سرکاری و نجی اسکول، کالجز اور جامعات کل بند رہیں گی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں 13 مارچ بروز جمعہ تعلیمی اداروں میں عام تعطیل ہوگی اور آئی سی ٹی کی حدود میں قائم تمام تمام تعلیمی ادارے اس میں شامل ہیں۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ اسلام آباد میں کل تعلیمی سرگرمیاں معطل، سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے۔