Blog
اسلحہ قلت کی خبریں جھوٹی ہیں ، ٹرمپ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ امریکا کے پاس ضرورت سے کہیں زیادہ گولہ بارود موجود ہے

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے پاس دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ گولہ بارود موجود ہے اور اس کی مقدار ضرورت سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی دفاعی صلاحیتوں کے بارے میں گردش کرنے والی تشویش درست نہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نیویارک ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکی انتظامیہ کے اندر ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاسوں میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں مزید وسیع ہوئیں تو امریکی فضائی دفاعی نظام کے لیے استعمال ہونے والے انٹرسیپٹر میزائلوں کے ذخائر دباؤ کا شکار ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی فوج کے بعض حکام نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ پیٹریاٹ اور دیگر دفاعی نظاموں میں استعمال ہونے والے انٹرسیپٹر میزائل محدود تعداد میں باقی رہ سکتے ہیں، جس کے باعث مستقبل کی فوجی حکمت عملی متاثر ہونے کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی سینٹرل کمان کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر کا مؤقف ہے کہ موجودہ صورتحال میں امریکی افواج دستیاب دفاعی وسائل کے ساتھ مؤثر انداز میں کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی فوج کی موجودہ حکمت عملی ایران کی میزائل لانچنگ صلاحیت کو پہلے ہی مرحلے میں نشانہ بنانے پر مرکوز ہے، تاکہ بڑے پیمانے پر میزائل حملوں کے امکانات کو کم کیا جا سکے۔ تاہم اس سلسلے میں مزید فوجی کارروائیوں کے لیے حتمی منظوری صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی جائے گی۔