Pakistan

امن اجلاس پشاور میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس جاری

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتِ حال اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس گورنر ہاؤس پشاور میں جاری ہے۔
اجلاس میں اعلیٰ عسکری قیادت، گورنر خیبرپختونخوا، وفاقی و صوبائی وزرا اور متعلقہ حکام شریک ہیں۔ اجلاس کے دوران صوبے میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتِ حال، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور امن و امان کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتِ حال اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود ہیں۔
اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور مشترکہ حکمت عملی پر مشاورت کی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی سے متعلق چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے مختلف تجاویز بھی زیرِ غور ہیں۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں جاری ترقیاتی اقدامات اور دیگر اہم صوبائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں ہونے والی مشاورت کی روشنی میں صوبے میں امن و استحکام کے لیے آئندہ اقدامات پر توجہ دی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *