Pakistan

امیر مقام نے خیبرپختونخوا حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی پروائٹ پیپرجاری کرنے کا اعلان

پشاور:وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے حالات دن بدن بگڑتے جا رہے ہیں، صوبے میں دہشت گردی، امن و امان، صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں کی صورتحال تشویشناک ہے۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ وہ بیماری کے باعث تقریباً 40دن سکرین سے دور رہے، تاہم آج وفاقی وزیر کی حیثیت سے نہیں بلکہ خیبرپختونخوا کے ایک شہری کی حیثیت سے بات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے صوبے میں دہشت گردی دیکھی اور اس کا مقابلہ بھی کیا، لاشیں بھی اٹھائیں اور خود بھی خودکش حملے کا سامنا کرچکے ہیں،آرمی پبلک سکول کے واقعے میں زخمیوں کی عیادت کے بعد ان کے گھر پر بھی خودکش حملہ کیا گیا تھا۔امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تقریباً 13سال سے پی ٹی آئی کی حکومت رہی ہے، تاہم صوبے میں کوئی نمایاں تبدیلی نظر نہیں آئی۔انہوں نے مختلف وزرائے اعلیٰ کی تبدیلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے۔وفاقی وزیر نے صوبے کی جامعات، تنخواہوں اور پنشن، صحت کارڈ اور امن و امان کی صورتحال پر بھی تنقید کی۔انہوں نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے اعداد و شمار پر مبنی وائٹ پیپرلایا جائے گا۔امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع طویل عرصے سے دہشت گردی سے متاثر ہیں، لیکن ان کے بقول صوبائی حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف موثر حکمت عملی دکھائی نہیں دے رہی۔انہوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے دہشت گردی سے متعلق بعض بیانات پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہدا اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو مدنظر رکھنا چاہیے۔پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ تمام سیاسی جماعتیں کسی نہ کسی صورت دہشت گردی سے متاثر ہوئی ہیں، تاہم انہوں نے سوال اٹھایا کہ بعض سیاسی رہنما مسلسل صوبے کے مختلف علاقوں میں سیاسی سرگرمیاں کر رہے ہیں جبکہ دہشت گردی کے خطرات کے حوالے سے ان کا موقف کیا ہے۔امیر مقام نے پی ٹی آئی کی جانب سے تحریک طالبان پاکستان اور دہشت گرد گروہوں سے مذاکرات کی حمایت کے موقف پر بھی تنقید کی اور اسے دوہرا معیار قرار دیا۔پولیس ایکٹ کے حوالے سے امیر مقام نے کہا کہ صوبائی حکومت آئی جی سے لے کر ڈی ایس پی تک پولیس کے اختیارات پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے،اس طرز کے اقدامات سے پولیس فورس کے مورال پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *