تیز رفتاری نے جانیں لے لیں، لینڈ کروزر 8 افراد پر چڑھ دوڑی
دو تیز رفتار گاڑیوں جن میں سے ایک لینڈ کروزر تھی، نے اسلام آباد میں تباہی مچا دی ہے، بے قابو لینڈ کروزر نے مبینہ ریس کے دوران 8 افراد کو کچل دیا، جن میں سے 4 جاں بحق ہو گئے ہیں۔
اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو میں اُٹھال چوک کے قریب ایک لینڈ کروزر نے سڑک کنارے موجود 5 سے 6 موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ لینڈ کروزر ایک اور گاڑی کے ساتھ ریس لگاتے ہوئے بے قابو ہو گئی تھی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 4 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں، جن میں سے دو زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، جب کہ جاں بحق دو افراد کی شناخت فضل اور عامر کے نام سے ہو گئی ہے۔
حادثے کی ذمہ دار گاڑیوں کے ڈرائیور موقع سے فرار ہو گئے، جب کہ پولیس نے ایک گاڑی تھانہ بھارہ کہو منتقل کر دی ہے، جس کے رجسٹریشن نمبر کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
ادھر کراچی میں خیابان بدر روڈ کے قریب تیز رفتار دو گاڑیاں ٹکرا گئیں، جس میں ایک شخص جاں بحق، اور تین خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے، گارڈن لیاری ایکسپریس وے کے قریب بھی گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق، اور دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔




Leave a Reply
Want to join the discussion?Feel free to contribute!