Blog
غیر قانونی بھرتیاں مولانا فضل الرحمن کے بیٹے کے گرد گھیرا تنگ، نیب متحرک

مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسعد محمود کے گرد غیر قانونی بھرتیوں کا معاملہ سنگین ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں نیب اور ایف آئی اے کے باضابطہ نوٹسز بھی سامنے آگئے ہیں۔سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کو پاکستان پوسٹ آفس میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر نیب نے طلب کرلیا۔ اس سلسلے میں نیب راولپنڈی نے اسعد محمود کو 10 نومبر 2026ء کو صبح 11 بجے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس جاری کردیا۔نیب نوٹس کے مطابق اسعد محمود کے دورِ وزارت 2022ء اور 2023ء میں پاکستان پوسٹ آفس میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات جاری ہیں۔ دستاویزات کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پاکستان پوسٹ آفس میں 3,938 اسامیوں پر بھرتیوں کی اجازت دی اور مبینہ طور پر 4,252 افراد بھرتی کیے گئے۔نیب نوٹس میں 2,646 ختم شدہ اسامیوں پر بھرتیوں کا بھی انکشاف ہوا ہے، جس میں کابینہ کمیٹی کی ہدایات کی خلاف ورزی کا الزام سامنے آیا ہے۔نیب کے مطابق کنٹریکٹ بنیادوں پر ٹیسٹنگ ایجنسی کے ذریعے بھرتیوں کی سفارش کے باوجود بڑی تعداد میں مستقل تقرریاں کی گئیں، جس سے پاکستان پوسٹ آفس پر اضافی مالی بوجھ پڑنے اور بعض منتخب امیدواروں کے سیاسی وابستگی رکھنے کے الزامات بھی نیب تحقیقات کا حصہ ہیں۔اسی طرح جعلی اور بوگس دستاویزات، زائد العمر امیدواروں کی بھرتیوں اور ڈومیسائل کوٹے کی خلاف ورزیوں کے چارجز بھی سامنے آئے ہیں۔