فضائی حادثہ امریکا میں ہلچل مچا گیا، ٹیک آف کے دوران بڑا سانحہ
امریکا کے ڈینور ائرپورٹ پر ایک افسوسناک حادثے میں مسافر طیارہ ٹیک آف کے دوران رن وے پر موجود ایک شخص سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔
ائیرپورٹ حکام کے مطابق فرنٹیئر ایئر لائنز کی پرواز 4345 رات کوتقریباً 11 بج کر 19 منٹ پر روانگی کے لیے رن وے پر دوڑ رہی تھی کہ اسی دوران ایک شخص طیارے کی زد میں آگیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک اہلکار نے بتایا کہ متاثرہ شخص جزوی طور پر طیارے کے انجن میں بھی چلا گیا تھا، جس کے باعث انجن میں آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے کے فوراً بعد ایئرپورٹ حکام نے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ائیرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص ائیرپورٹ کے اطراف نصب حفاظتی باڑ عبور کرکے اندر داخل ہوا تھا۔ حکام کے مطابق باڑ پار کرنے کے تقریباً دو منٹ بعد ہی وہ طیارے سے ٹکرا گیا۔
ایئرلائن کے مطابق طیارہ لاس اینجلس کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔ اس میں 224 مسافر اور عملے کے 7 افراد سوار تھے۔ حادثے میں کم از کم ایک مسافر معمولی زخمی بھی ہوا۔
واقعے کے بعد ائیرپورٹ سیکیورٹی اور حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جبکہ حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ مذکورہ شخص کس طرح رن وے تک پہنچا۔




Leave a Reply
Want to join the discussion?Feel free to contribute!