Blog
قائداعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی آج منائی جا رہی ہے بانیٔ پاکستان کو ملک بھر میں عقیدت و احترام سے خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

قائداعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔ بانیٔ پاکستان 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے اور اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلینڈ گئے، جہاں 1896 میں بیرسٹری مکمل کرکے وطن واپس آئے۔
قائداعظم نے عملی سیاست کا آغاز کانگریس سے کیا، تاہم بعد ازاں مسلمانوں کے سیاسی حقوق کے حوالے سے اختلافات کے باعث مسلم لیگ کی قیادت سنبھالی اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کے حصول کی جدوجہد تیز کردی۔
ان کی مدبرانہ اور آئینی جدوجہد کے نتیجے میں 14 اگست 1947 کو پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ قیام پاکستان کے بعد قائداعظم ملک کے پہلے گورنر جنرل بنے اور ایک مضبوط، منظم اور جمہوری پاکستان کے قیام کے لیے کام کیا۔
قائداعظم محمد علی جناح 11 ستمبر 1948 کو وفات پاگئے۔ ان کے یومِ وفات پر مزارِ قائد سمیت ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، جہاں قوم بانیٔ پاکستان کی خدمات اور جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے۔