World

نیتن یاہو کی میزبانی پر امارات کو انتباہ

ایران نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی متحدہ عرب امارات میں میزبانی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ابوظبی کو خبردار کیا ہے کہ اس کے اچھے نتائج نہیں ہوں گے۔
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بیان میں کہا کہ جس طرح امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی امارات کو سیکیورٹی فراہم نہیں کرسکی، اسی طرح نیتن یاہو کی میزبانی بھی فائدہ مند ثابت نہیں ہوگی۔
محسن رضائی نے نیتن یاہو کے لیے ’غزہ کا قصاب‘ کی اصطلاح استعمال کرتے ہوئے امارات پر زور دیا کہ وہ گزشتہ جنگ سے سبق سیکھے اور جنگیں بھڑکانے سے گریز کرے۔ انہوں نے ایرانی جزائر سے متعلق متحدہ عرب امارات کے دعووں کو بھی بے بنیاد قرار دیا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نیتن یاہو نے 27 ستمبر کو ابوظبی کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر بات چیت کی تھی۔
ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان خلیج کے بعض جزائر کی ملکیت کا معاملہ بھی طویل عرصے سے اختلاف کا باعث ہے، جبکہ خطے میں ایران، اسرائیل اور خلیجی ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور علاقائی تعلقات پہلے ہی کشیدہ ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *