Blog
پی ٹی آئی کا 27 ستمبر سے قبل لانگ مارچ شروع کرنے کا عندیہ پشاور میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس،اہم فیصلے

پشاور:پاکستان تحریک انصاف نے 27ستمبر کے اعلان کردہ احتجاج سے قبل ہی لانگ مارچ شروع کرنے کا عندیہ دے دیا، جبکہ پارٹی تنظیموں کو پنجاب کی سرحد پر کیمپ لگانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پشاور میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی تیاریوں اور احتجاجی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پارٹی تنظیموں کو خیبرپختونخوا سے پنجاب جانے والے سرحدی راستوں پر مناسب مقامات کی نشاندہی کرکے کیمپ قائم کرنے کی تیاری کی ہدایت کی گئی۔پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر خان نے ارکان اور تنظیمی عہدیداروں سے کہا کہ سرحدی روٹس پر کیمپوں کے لیے موزوں جگہوں کی نشاندہی کی جائے اور کارکنان کو متحرک رکھا جائے۔پارٹی ذرائع کے مطابق 27 ستمبر کے احتجاج کے لیے تین مختلف منصوبے تیار کیے گئے ہیں، جن میں جی ٹی روڈ اور موٹروے کے ذریعے اسلام آباد جانے کے الگ الگ پلان بھی شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت آئندہ تین سے چار روز میں حتمی احتجاجی منصوبے کا اعلان کرے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنید اکبر خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ساتھ روا رکھے گئے رویے اور وفاقی حکومت کی پالیسی کے باعث 27 ستمبر سے پہلے بھی مارچ شروع کیا جاسکتا ہے، اس لیے ارکان اسمبلی، پارٹی تنظیمیں اور کارکنان تیار رہیں، کسی بھی وقت کال دی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ موٹروے اور جی ٹی روڈ کے ذریعے اسلام آباد جانے کے لیے الگ الگ حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اس سلسلے میں اسٹریٹ موومنٹ بھی شروع کرچکے ہیں