Blog
چھوٹے دکانداروں کیلیے ٹیکس اسکیم کا اجرا،ہراساں نہیں کیا جائیگا،وزیر خزانہ تاجروں کی خواہش تھی کہ ٹیکس کو آسان اور سادہ بنایا جائے، محمد اورنگزیب

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس اسکیم کا اجرا کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجروں کو ہراساں نہیں کیا جائے گا۔وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس اسکیم کا اجرا کردیا۔ اس موقع پرانجمن تاجراں کے نمائندے بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ تاجروں کی مشاورت سے مل کر آگے بڑھ رہے ہیں ۔ ہم پہلے بھی کئی مواقع استعمال کر چکے ہیں ۔ یہ تاجروں کی ایک دیرینہ خواہش رہی ہے کہ ٹیکس اسکیم کو آسان اور سادہ بنایا جائے ۔ میں اس اسکیم کے بارے میں پر امید ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اور پرال کی کوشش رہی ہے کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے آسانی پیدا ہو ۔ تاجروں کو یقین دہانی ہو کہ انہیں ہراساں نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی طبقہ ٹیکس نظام میں نہ آئے تو وہ نظام نہیں چل سکتے ۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کا ٹیکس ریٹرن فارم ایک ایم بی اے پڑھا لکھا نہیں فائل کر سکتا۔ یہ فائل 6,8 صفحے سے زائد نہیں ہونی چاہیے۔ تنخواہ دار طبقے کا ٹیکس ریٹرن فارم سادہ کیا جائے گا۔ سیلز ٹیکس کی چوری کریمنل ہے۔ سیلز ٹیکس وصول کرنے کے بعد آگے قومی خزانے میں جمع نہیں ہوتا ۔ سیلز ٹیکس کی چوری بڑے پیمانے پر ہورہی ہے ۔اس موقع پر وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ چھوٹے دکاندار موبائل فون ایپ کے ذریعے ٹیکس ریٹرن فائل کر سکتے ہیں۔ موبائل فون کے ذریعے ٹیکس ادا کیا جا سکتا ہے ۔ اس اسکیم کے ذریعے پوائنٹ آف سیلز سے استثنیٰ دیا جائے گا ۔ چھوٹے تاجروں کو گرین پلیٹ جاری کی جائے گی ۔انہوں نے بتایا کہ جس دکان پر گرین پلیٹ آویزاں ہوگی، وہاں ایف بی آر افسر داخل نہیں ہوگا ۔ چھوٹے دکانداروں کو 25 ہزار روپے کم از کم ادا کرنے ہوں گے ۔ گزشتہ 3 سالوں میں کسی بھی سال میں 20 کروڑ سے زیادہ کی سیل نہ ہو ۔بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ ایپ اور اسکیم، تاجروں سے مشاورت اور رہنمائی کےس اتھ بنائی گئی ہے۔ اسکیم کا اعلان بجٹ سے پہلے کیا گیا تھا اس وقت سے اب تک اسکیم پر کام کیا گیا ہے۔ ماضی کی اسکیموں کی ناکامی کو دیکھ کر یہ اسکیم بنائی گئی ہے۔