Pakistan

خیبرپختونخوا کے ہزاروں سکول بجلی کی سہولت سے محروم 3 ہزار 796 سرکاری سکول بجلی سے محروم ہیں،اعدادوشمار

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے ہزاروں سرکاری سکول بجلی کی سہولت کی عدم دستیابی کے انکشاف نے تہلکہ مچا دیا۔ محکمہ تعلیم کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے مجموعی 34 ہزار 784 سرکاری سکولوں میں سے 3 ہزار 796 سکول بجلی سے محروم ہیں۔رپورٹ کے مطابق بجلی سے محروم سکول صوبے کے مجموعی سرکاری سکولوں کا 11 فیصد سے زائد بنتے ہیں، جس سے صوبے کے تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی صورتحال پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق بجلی سے محروم سکولوں کی تعداد کے لحاظ سے مانسہرہ 202 سکولوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔رپورٹ میں کوہستان بالا کے 191، جنوبی وزیرستان بالا کے 124، بٹگرام کے 117، کوہستان زیریں کے 92 اور کولئی پالس کے 89 سرکاری سکول بھی بجلی کی سہولت سے محروم بتائے گئے ہیں۔اسی طرح بنوں کے 66، مہمند کے 55 اور ڈیرہ اسماعیل خان کے 53 سرکاری سکولوں میں بھی بجلی دستیاب نہیں۔محکمہ تعلیم کی رپورٹ کے مطابق ضم اضلاع میں بجلی سے محروم سکولوں کی شرح آباد اضلاع کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے۔ضم اضلاع کے مجموعی 6 ہزار 223 سکولوں میں سے 2 ہزار 183، یعنی تقریباً 35 فیصد سکولوں میں بجلی کی سہولت موجود نہیں۔اس کے مقابلے میں بندوبستی اضلاع کے 27 ہزار 679 سکولوں میں سے ایک ہزار 613 سکول بجلی سے محروم ہیں، جو تقریباً 5.8 فیصد بنتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق بجلی کی عدم دستیابی کا مسئلہ بنیادی سطح کے سکولوں میں زیادہ نمایاں ہے۔صوبے میں 2 ہزار 213 بوائز پرائمری سکول جبکہ ایک ہزار 85 گرلز پرائمری سکول بجلی کی سہولت سے محروم ہیں۔ضم اضلاع میں بھی متعدد سرکاری سکولوں میں بجلی دستیاب نہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق جنوبی وزیرستان بالا کے 124، باجوڑ کے 91، سب ڈویژن وزیر (بنوں) کے 75، مہمند کے 55، اورکزئی کے 51 اور کرم کے 33 سکول بجلی سے محروم ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *