Pakistan

بچوں کےخلاف جرائم میں تشویشناک اضافہ بچوں سے زیادتی کے 370 مقدمات رپورٹ

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں بچوں کےخلاف جرائم میں اضافے کا انکشاف ہوا ہے، رواں سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں بچوں سے زیادتی کے 370 مقدمات رپورٹ ہوئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع کے تھانوں میں رپورٹ ہونے والے ان مقدمات میں بچوں اور بچیوں کو مبینہ جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا۔ذرائع کے مطابق بچوں سے زیادتی کے 370 مقدمات میں مجموعی طور پر 565 ملزمان نامزد کیے گئے، جن میں سے 486 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق بچوں سے زیادتی کے 324 مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، جبکہ تقریباً 80 فیصد مقدمات کے فیصلے تاحال عدالتوں سے آنا باقی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان مقدمات میں تقریباً 10 ایسے کیسز بھی شامل ہیں جن میں مبینہ زیادتی کے بعد بچوں کو قتل کردیا گیا۔ ایسے متعدد مقدمات میں نامزد ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق رواں سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران مختلف واقعات میں صوبے بھر میں 66 بچوں کے قتل کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق قتل کے ان واقعات میں بھی متعدد ملزمان کو نامزد کرکے گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بچوں کے خلاف جنسی زیادتی اور دیگر جرائم کے واقعات مسلسل رپورٹ ہورہے ہیں، جن میں اضافہ تشویشناک صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔ حالیہ عرصے میں ہری پور میں آیت نور سمیت بچوں سے متعلق دیگر کیسز بھی سامنے آئے ہیں، جس کے بعد بچوں کے تحفظ اور ایسے جرائم کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔ یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں بچوں کےخلاف جرائم میں اضافے کا انکشاف ہوا ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *