Blog
ضلع خیبر میں پی ٹی آئی کارکنوں میں اختلافات بابِ خیبر کے مقام پر احتجاجی کیمپ لگانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: ضلع خیبر کے حلقہ پی کے 70 میں پی ٹی آئی کارکنوں کے اختلافات کھل کر سامنے آ گئے، ناراض گروپ نے پارٹی کارکنوں کو مبینہ طور پر نظر انداز کیے جانے اور تنظیمی معاملات میں مبینہ ناانصافیوں کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔ناراض کارکنوں نے جمرود میں بابِ خیبر کے مقام پر احتجاجی کیمپ لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت سے کارکنوں کے تحفظات اور مطالبات فوری طور پر سننے کا مطالبہ کیا ہے۔پی ٹی آئی کے ناراض گروپ کا کہنا ہے کہ پارٹی کارکنوں کو مقامی سطح پر مختلف مسائل اور مبینہ ناانصافیوں کا سامنا ہے، جن پر کئی مرتبہ توجہ دلانے کے باوجود مؤثر پیش رفت نہیں ہوسکی۔ناراض کارکنوں نے مطالبہ کیا کہ پارٹی قیادت اس حلقہ کے کارکنوں کے تحفظات اور مطالبات براہِ راست سنے اور مقامی تنظیمی معاملات کا ازسرِنو جائزہ لے۔ناراض گروپ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے بھائی نوید آفریدی پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔گروپ کے مطابق نوید آفریدی کا پارٹی کے مقامی معاملات میں کردار کارکنوں کے لیے قابلِ قبول نہیں اور انہیں مقامی تنظیمی امور سے دور رکھا جانا چاہیے۔ پی ٹی آئی کے ناراض کارکنوں نے ایم این اے اقبال آفریدی کی مسلسل ضلعی صدارت پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ناراض گروپ کا کہنا ہے کہ تنظیمی عہدوں کے تعین میں کارکنوں سے مشاورت کی جائے اور مقامی سطح پر پارٹی کارکنوں کی رائے کو اہمیت دی جائے۔ناراض کارکنوں نے پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ پی کے 70 میں تنظیمی عہدوں اور پارٹی کے مقامی امور کے حوالے سے کارکنوں کو اعتماد میں لیا جائے۔گروپ کا کہنا ہے کہ پارٹی کارکنوں کی رائے اور مشاورت کے بغیر کیے جانے والے تنظیمی فیصلوں سے کارکنوں میں بے چینی پیدا ہو رہی ہے، اس لیے مقامی تنظیمی معاملات کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے۔ناراض گروپ کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے مشکل حالات میں بھی پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑا اور پارٹی کے لیے خدمات انجام دیتے رہے، تاہم اب ان کے تحفظات کو بھی سنجیدگی سے سنا جانا چاہیے۔