Blog
خیبرپختونخوا کے 26 اضلاع ہارڈ ایریا قرار وفاقی افسران کیلئے 250 فیصد سکیورٹی رسک الاؤنس منظور

پشاور: وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے 6 ریجنز کے 26 اضلاع کو ہارڈ ایریا قرار دیتے ہوئے وفاقی انتظامی اور پولیس افسران کے لیے سکیورٹی رسک الاؤنس کی منظوری دے دی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد کی جانب سے چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کو بھیجے گئے خط کے مطابق دہشت گردی سے متاثرہ اضلاع میں پشاور، خیبر، مردان، چارسدہ، مہمند، نوشہرہ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، کرم، اورکزئی، بنوں، لکی مروت، شمالی وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر و لوئر، سوات، بونیر، شانگلہ، باجوڑ، دیر اپر و لوئر اور چترال اپر و لوئر شامل ہیں۔
خط کے مطابق ان اضلاع میں تعینات وفاقی انتظامی و پولیس افسران کو بنیادی تنخواہ کے 250 فیصد کے برابر سکیورٹی رسک الاؤنس دیا جائے گا، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
سکیورٹی رسک الاؤنس وفاقی حکومت ادا کرے گی اور اس پر انکم ٹیکس بھی لاگو ہوگا۔ افسر کے تبادلے کی صورت میں الاؤنس فوری طور پر ختم ہوجائے گا، جبکہ معطلی، او ایس ڈی، جوائننگ ٹائم اور ٹریننگ کے دوران بھی یہ الاؤنس نہیں دیا جائے گا۔
خط میں واضح کیا گیا ہے کہ سکیورٹی رسک الاؤنس پنشن اور گریجویٹی کا حصہ نہیں ہوگا۔ ضلع صوابی اور ہزارہ ڈویژن میں تعینات افسران اس الاؤنس کے حقدار نہیں ہوں گے۔