Blog
پشاور یونیورسٹی میں تنخواہوں کا بحران پیوٹا نے انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

پشاور:پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (پیوٹا)نے جامعہ کی انتظامی کارکردگی اور مالی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور یونیورسٹی مالی و انتظامی بحران کی جانب بڑھ رہی ہے اور اساتذہ تاحال تنخواہوں سے محروم ہیں۔پیوٹا کے مطابق اساتذہ کی تنخواہ ان کا بنیادی حق ہے، کسی قسم کی رعایت یا احسان نہیں، اس لیے واجب الادا تنخواہیں فوری طور پر ادا کی جائیں۔اساتذہ کی تنظیم نے الزام عائد کیا کہ یونیورسٹی کے خزانچی مالی معاملات سنبھالنے میں مسلسل ناکام رہے ہیں، جبکہ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر انتظامی نااہلی اور عدمِ جوابدہی کی عکاس ہے۔پیوٹا کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نئے طلبہ کے خیرمقدم اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے بجائے نئے مسائل پیدا کر رہی ہے۔مالی بحران کے باعث جامعہ انتظامی اور تعلیمی زوال کی جانب گامزن ہے، جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔تنظیم نے مطالبہ کیا کہ بحران ناقابلِ واپسی ہونے سے پہلے موثر اقدامات کیے جائیں اور اساتذہ کی تمام واجب الادا تنخواہیں فوری ادا کی جائیں۔پیوٹا نے خبردار کیا کہ اساتذہ کے جائز حقوق کے تحفظ اور پشاور یونیورسٹی کے بحران پر قابو پانے کے لیے قانونی اور جمہوری راستے اختیار کیے جائیں گے