Pakistan, Sports, World

عمران خان کے حق میں آسٹریلیا کے 7سابق کپتان بول پڑے کرکٹرز کا آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ سے رابطہ

ویب ڈیسک: آسٹریلیا کے 7سابق کپتان پاکستان کے سابق وزیراعظم اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کے حق میں بول پڑے، اور بانی پی ٹی آئی کی حراست اور صحت سے متعلق انسانی بنیادوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ سے رابطہ کر لیا۔ سابق کپتانوں نے اپنے خط میں واضح کیا کہ وہ یہ معاملہ سفارت کاروں یا سیاسی شخصیات کی حیثیت سے نہیں بلکہ سابق کرکٹ کپتانوں کی حیثیت سے اٹھا رہے ہیں، جو عمران خان کی صورتحال پر آواز بلند کرنے پر مجبور ہوئے۔عمران خان کے معاملے پر آسٹریلوی وزیر خارجہ کو بھیجے گئے خط پر آسٹریلیا کے 7سابق کپتان دستخط کر چکے ہیں، جن میں ایلن بارڈر، گریگ چیپل، ایان چیپل، بیلنڈا کلارک، کم ہیوز، مارک ٹیلر اور سٹیو وا شامل ہیں۔سابق آسٹریلوی کپتانوں کا کہنا ہے کہ ان کی اپیل کا مقصد عمران خان کے خلاف قانونی یا سیاسی مقدمے پر کوئی مؤقف اختیار کرنا نہیں ، یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، تاہم حراست میں موجود کسی بھی شخص کے ساتھ سلوک بنیادی انسانی ہمدردی کا معاملہ ہے، چاہے اس شخص کی سیاسی وابستگی یا مؤقف کچھ بھی ہو۔خط میں عمران خان کے اہلخانہ کی جانب سے کئی ماہ سے سامنے آنے والی ان تشویشوں کا حوالہ دیا گیا ہے، جن میں ان کی صحت، طبی سہولیات، اہلخانہ سے ملاقات اور قانونی معاونت تک رسائی سے متعلق خدشات شامل ہیں۔سابق کپتانوں نے عمران خان کی حراست کے دوران طبی سہولیات اور خاندان سے رابطے کے معاملے پر خاص توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔یہ عمران خان کے حق میں سابق بین الاقوامی کرکٹرز کی جانب سے سامنے آنے والی تازہ اپیل ہے۔ اس سے قبل 22 سابق بین الاقوامی کپتانوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر عمران خان کے طبی علاج کے حوالے سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی تھی۔اس خط میں تین اہم مطالبات کیے گئے تھے، جن میں عمران خان کی صحت کا مکمل اور آزادانہ طبی معائنہ، سپریم کورٹ کی جانب سے بحال کیے گئے ہفتہ وار خاندانی ملاقاتوں کے حق پر عمل درآمد، اور طبی معائنے کی بنیاد پر تجویز کردہ علاج میں بلاوجہ تاخیر نہ کرنا شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *