Blog
جماعت اسلامی کا سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ حکومت قیدیوں کو رہا کرکے حالات معمول پر لائے، حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا۔ ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ خواتین سیاسی قیدیوں کی گرفتاری کسی صورت قابل قبول نہیں، حکومت خواتین سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کرے، 9 مئی کے بعد سے قید سیاسی رہنماؤں کو بھی رہا کیا جائے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، شاہ محمود قریشی اور محمود الرشید کو مزید قید رکھنے کا جواز نہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سیاسی قیدیوں میں کئی افراد کی صحت بھی خراب ہے، حکومت مسئلے کو فوری حل کرے، حکومت سیاسی قیدیوں کے معاملے کو ایڈریس کرکے حالات معمول پر لائے، ایسی سیاست میں قوم کو الجھایا جا رہا ہے جس کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سیاسی کشمکش کے باعث عوام کے اصل مسائل سے توجہ ہٹائی جا رہی ہے، جماعت اسلامی صرف مخصوص سیاسی جماعتوں کے مطالبات تک محدود نہیں، پی ٹی آئی کی اپنی تین ڈیمانڈز ہیں، جماعت اسلامی تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔