Blog
لاہور میں گندگی پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

لاہور میں گندگی پھیلانے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع ہونے جا رہا ہے، جہاں خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور سیف سٹی اتھارٹی کی مشترکہ نگرانی میں کارروائیوں کا آغاز رواں ہفتے سے ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں شہر کی 10 بڑی مارکیٹوں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، جن میں مال روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، گلبرگ مین بلیوارڈ اور لبرٹی چوک سمیت دیگر اہم مارکیٹس شامل ہیں۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار خان کے مطابق سیف سٹی کیمروں کی مدد سے گندگی پھیلانے والوں کی شناخت کی جائے گی، جبکہ فیلڈ اسٹاف موقع پر پہنچ کر کارروائی کرے گا۔ دکانداروں کو گندگی پھیلانے پر 5 ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانہ کیا جا سکے گا، جبکہ ماحول آلودہ کرنے اور کوڑے کو آگ لگانے پر 5 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد ہوگا۔
حکام کے مطابق پہلے مرحلے کے بعد کارروائی کا دائرہ دیگر مارکیٹوں، تجارتی مراکز اور گاڑیوں سے سڑکوں پر کوڑا پھینکنے والوں تک بھی بڑھایا جائے گا۔