Blog
بھارتی ٹیم کی معافی نہ ملنے پر پاکستان چیمپئنز کا بڑا فیصلہ

پاکستان چیمپئنز نے بھارتی ٹیم سے گزشتہ سیزن میں پاکستان کے خلاف میچ نہ کھیلنے پر تحریری معافی کے مطالبے کو تسلیم نہ کیے جانے کے بعد ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے جاری ایڈیشن سے دستبرداری اختیار کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے این او سی دینے پر رضامندی ظاہر کی تھی، تاہم شرط رکھی گئی تھی کہ بھارتی ٹیم گزشتہ سیزن میں پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار پر تحریری معافی مانگے۔
پی سی بی کا مؤقف تھا کہ گزشتہ سال پیش آنے والے معاملے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم ٹورنامنٹ کے منتظمین نے تحریری معافی کے مطالبے کو تسلیم نہیں کیا، جس کے بعد پاکستان چیمپئنز نے ایونٹ سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔
یہ معاملہ 2025 کے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے دوران سامنے آیا تھا، جب بھارتی ٹیم نے پاکستان چیمپئنز کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔ بعد ازاں سیمی فائنل میں بھی بھارتی کھلاڑی پاکستان کے خلاف میدان میں نہیں اترے تھے، جس کے نتیجے میں پاکستان چیمپئنز کو واک اوور ملا تھا۔
اب گزشتہ سال کے اسی تنازع کے باعث پاکستان چیمپئنز نے رواں ایڈیشن میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔