Blog
رحمان بابا ٹرین پٹری سے اتر گئی، 4 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ملتان: ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا شکار ہوگئی ٹرین کی تمام 15 بوگیاں پٹری سے اترنے کے نتیجے میں 4 مسافر جاں بحق اور 12 سے زائد زخمی ہوگئے۔حادثہ صبح تقریباً سوا 5 بجے پیش آیا جس کے بعد امدادی اداروں نے فوری کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو نشتر اسپتال ملتان منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔حادثے کے بعد ٹرین میں سوار مسافر اپنا سامان لے کر پٹریوں کے کنارے بیٹھے دکھائی دیے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹرین کراچی سے پشاور جارہی تھی کہ شیر شاہ پل کے قریب اس کی تمام بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔بعض ذرائع نے حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار تیز ہونے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم حادثے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔ایک مسافر کے مطابق رحمان بابا ایکسپریس کی روہڑی کے قریب بوگی نمبر 9 کے نٹ بولٹ درست کیے گئے تھے۔ اس بیان کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی اور یہ بھی واضح نہیں کہ اس کا حادثے سے کوئی تعلق ہے یا نہیں